
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی حکومت نے 5 اشیاء کو اگلے مالی سال کیلئے کم نرخوں پر فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ آٹا، گھی، چینی ، دالوں اور چاول کی کم نرخوں پر فراہمی یقینی بنائی جائے، یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے سبسڈی صرف غریب طبقات کو فراہم کی جائے گی۔ دنیا نیوز کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیائے خوردونوش کی کم نرخوں پر فراہمی سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل، مرتضیٰ محمود اور متعلقہ افسران شریک ہوئے۔
اجلاس میں وزیراعظم نے خیبر پختونخواہ اور بلوچستان میں یوٹیلیٹی اسٹورز کے اقدامات کے سراہا، اجلاس میں کراچی میں یوٹیلیٹی اسٹورز کے نیٹ ورک میں توسیع کی منظوری دی، وزیراعظم نے کہا کہ کراچی میں یوٹیلیٹی اسٹورز کی تعداد میں اضافے کا منصوبہ دو ہفتے میں پیش کیا جائے۔
اجلاس میں پانچ اشیاء کو اگلے مالی سال کیلئے کم نرخوں پر فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ آٹا، گھی، چینی ، دالوں اور چاول کی کم نرخوں پر فراہمی یقینی بنائی جائے، یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے سبسڈی صرف غریب طبقات کو فراہم کی جائے گی،سبسڈی کا نظام شفاف اور ڈیجیٹل بنایا جائے۔ مزید برآں وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی پر پوری امید ہے، امید ہے آئی ایم ایف پروگرام ایک آدھ دن میں بحال ہوجائے گا، آئی ایم ایف کو ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے پر کوئی اعتراض نہیں ہے، آئی ایم ایف کو 12لاکھ آمدن پر انکم ٹیکس چھوٹ پر کوئی اعتراض نہیں ہے، سالانہ 12لاکھ آمدن پر انکم ٹیکس چھوٹ برقرار رہے گی،مصاحب ثروت لوگوں پر ٹیکس لگے گا جبکہ غریب طبقے کو ریلیف دیا جائے گا۔
Comments