
اسلام آباد( نیوز ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے الیکشن کمیشن پر مبینہ الزامات کا نوٹس لے لیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے پیمرا سے عمران خان کی تقاریر کا ریکارڈ طلب کرلیا۔الیکشن کمیشن نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین پیمرا کو خط لکھا ہے۔ الیکشن کمیشن نے پیمرا سے عمران خان کی تقاریر کا ریکارڈ مانگ لیا۔
بھکر، لیہ اور خوشاب میں عمران خان کی تقاریر کا ریکارڈ طلب کیا گیا۔الیکشن کمیشن عمران خان سے مبینہ الزامات پر وضاحت طلب کرے گا،اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے فیاض الحسن چوہان کے بیانات کا بھی نوٹس لیا۔الیکشن کمیشن نے پیمرا کو لکھے گئے خط میں فیاض الحسن چوہان کے نجی ٹی وی کو انٹرویو کا ریکارڈ طلب کر لیا۔اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن فیاض الحسن چوہان کے مبینہ الزامات کا جائزہ لے گا،الیکشن کمیشن کے مشاورتی اجلاس میں فیاض الحسن چوہان سے وضاحت مانگنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
خیال رہےکہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن میں غیرقانونی کام کرنے والے افسران کا احتساب کریں گے، ڈی پی او جھنگ اور ڈی سی لیہ کا نام نوٹ کرلیا ہے، سپریم کورٹ نے کہا تھا الیکشن میں کوئی مداخلت نہیں ہوگی۔ انہوں نے جھنگ میں اٹھارہ ہزاری میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال کی خواب ریاست مدینہ کے اصول تھے، خودداری، عدل وانصاف ہوگا تو عظیم بنے گی، لیکن ہم ان اصولوں پر نہیں چلے، یہ لوٹے وہ ہیں جو پیسے لے کر ان لوگوں کی ووٹ بیچتے ہیں جن سے ووٹ لیتے ہیں، یہ لوگ ملک کے ساتھ غداری کرتے ہیں، یہ امریکی سازش کا حصہ بنتے ہیں، اور پاکستان کی منتخب حکومت کو پیسے لے کر گراتے ہیں، پھر میرجعفر اور میر صادق کے ساتھ مل کر امپورٹڈ حکومت کو مسلط کرتے ہیں۔
اس لیے یہ الیکشن پاکستان کے مستقبل کا فیصلے کرے گا، سب نے لوگوں کو گھروں سے نکال کر ووٹ ڈالنا ہے، ہم نے مل کر امریکی غلاموں سے ملک کو بچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو گھر گھر جاکر لوٹوں کے خلاف نکالنا ہے، اتوار کو الیکشن ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔اگر یہ الیکشن یورپ ، امریکا اور آسٹریلیامیں ہوتا تو ہم صرف لوگوں سے ووٹ لینے کا سوچ رہے ہوتے لیکن ہم سارا وقت ن لیگ ڈاکوؤں کی دھاندلی کو روکنے کا سوچ رہے ہیں۔ کیسے جعلی ووٹ ڈالتے ہیں، کیسے ڈبل اسٹمپ لگا تے ہیں، دھاندلی سب سے زیادہ خواتین پولنگ اسٹیشنز پر ہوتی ہے، پی ٹی آئی خواتین اس دھاندلی کو رکوائیں۔ عورتوں کے پولنگ اسٹیشن پر یہ لوگ پیسے دیتے ہیں، ہم نے مل کر ان کو الیکشن ہرانا۔
Comments