
لاہور ( نیوز ڈیسک ) لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے کارروائی کرتے ہوئے صحافی عمران ریاض خان کو بیرون ملک جانے سے روک دیا۔ اے آر وائی نیوز نے رپورٹ کیا ہے کہ صحافی عمران ریاض خان کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا ، یہ واقعہ اس وقت ہوا جب وہ لاہور سے دبئی جانے کے لئے لاہور ایئرپورٹ پہنچے تو امیگریشن حکام نے انہیں طیارے سے آف لوڈ کردیا۔
ایف آئی اے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ عمران ریاض خان کا نام بلیک لسٹ میں شامل ہونے کی وجہ سے یہ اقدام اٹھایا گیا ، اس حوالے سے اعلیٰ افسران کو آگاہ کردیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ چند روز قبل لاہور ہائیکورٹ نے صحافی و اینکر پرسن عمران ریاض کی ضمانت پر رہائی کا حکم دیتے ہوئے آئندہ ورکنگ ڈے پر انہیں مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا ، اس حوالے سے لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے صحافی عمران ریاض پر مقدمات اندراج کے خلاف درخواست کی سماعت کی جہاں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شہزاد شوکت پیش ہوئے اور بتایا کہ انہوں نے فائل کو دیکھا ہے اس پر تفصیلی جواب کی ضرورت ہے، اگر یہ مجسٹریٹ کے روبرو پہلے ورکنگ ڈے پر پیش ہونے کی گارنٹی دیں تو ضمانت پررہا کر دیا جائے، ہمیں عمران ریاض کی ضمانت پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔
اس پر فاضل عدالت نے کہا کہ عمران ریاض حلف دیں کہ آپ مجسٹریٹ کے سامنے پیشی تک ایسا متنازعہ بیان نہیں دیں گے جس سے معاملات خراب ہوں جس پر عمران ریاض نے عدالت کو یقین دہائی کرائی کہ وہ کوئی ایسا بیان نہیں دیں گے، عمران ریاض کی جانب سے یقین دہائی کرائے جانے کے بعد ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت سے استدعا کی کہ چکوال کیس میں ضمانت دیدی جائے اس کے علاوہ کسی ایف آئی آر میں گرفتاری نہیں ہے، جس پر لاہور ہائیکورٹ نے عمران ریاض کی ذاتی مچلکوں پرضمانت منظور کرلی اور سماعت 19 جولائی تک ملتوی کردی
Comments