
لاہور ( نیوز ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ ن کے مستعفی رکن پنجاب اسمبلی جلیل شرقپوری کا شیخ رشید احمد کی مبینہ آڈیو لیک پر ردعمل آگیا۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ شیخ رشید دو نمبر آدمی ہے جو عمران خان کا دشمن ہے ، جس نے کسی کے کہنے پر امیج خراب کرنے کے لیے منصوبہ بندی کے تحت آڈیو ریکارڈ کرائی ، اس سے پہلے عمران خان کو کہا تھا علیم خان آپ کے ساتھ نہیں ، آج بھی عمران خان سے کہتا ہوں شیخ رشید آپ کے ساتھ مخلص نہیں۔
انہوں نے کہا کہ شیخ رشید سے میرا کوئی تعلق نہیں اور نہ ان سے کوئی جان پہچان ہے ، صرف ایک بار جب یہ وزیر تھے اس وقت ان کے دفتر گیا تھا۔
اس سے پہلے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی مبینہ آڈیو لیک ہوئی ، اس حوالے سے جیو نیوز نے رپورٹ کیا کہ شیخ رشید احمد اور گل زمان نامی شخص کی مبینہ آڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کو یہ کہتے ہوئے سنا جسکتا ہے کہ پھر کل شرقپوری کو بھی آپ نے پیمنٹ دے دی؟ جس پر فون لائن پر موجود گل زمان نامی شخص نے کہا یہ ٹیلی فون ہے خدا کے بندے ، صورتحال دیکھیں انشا اللہ بیڑہ پار ہوگا۔
اس کے علاوہ مبینہ آڈیو میں شیخ رشید احمد کہہ رہے ہیں کہ میں نے آپ کی وجہ سے بیپر دیا ہے ، جس پر گل زمان نے کہا کہ آپ نے میری وجہ سے بیپر دیا ہے، اللہ پردہ رکھنے والا ہے۔ شیخ رشید کہتے ہیں آپ ابھی تک نکلے نہیں ، اتنا زبردست الیکشن ہے ، اس پر گل زمان خان کہتے ہیں کہ ابھی ٹھہر کر نکلیں گے ، صبح سے ٹیلی فونوں پر لگے ہوئے ہیں آپ کو کچھ دیر بعد خبر دیں گے۔
خیال رہے کہ جلیل شرقپوری نے گزشتہ روز اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ سے ملاقات میں اپنا استعفیٰ پیش کیا، اسپیکر پنجاب اسمبلی نے استعفیٰ منظور کر کے جلیل شرقپوری کی جیتی ہوئی نشست 16 جولائی سے خالی قرار دے دی ، اس موقع پر سابق لیگی ایم پی اے کا کہنا تھا کہ آج شہبازشریف جس طرح اشتہاریوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں میں کس طرح ان کے ساتھ چل سکتا ہوں، میں پہلے بھی تحریک انصاف میں تھا اب بھی تحریک انصاف کے ساتھ ہوں، میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ آج ایک سوچ اور نظریے کے تحت استعفیٰ دیا ہے،عمران خان کے نظرئیے اور فلاسفی کو پسند کرتے ہیں اسی لیے ان کے ساتھ ہیں، میری اپیل ہے کہ تمام حلقوں کے اندر محب وطن اور اسلام پسند لوگ تحریک انصاف کے امیدوار کو ووٹ دیں ، میری دعا ہے کہ عمران خان کا ویژن کامیاب ہو تاکہ جس مقصد کیلئے پاکستان بنا تھا یعنی لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ اس مقصد کو ہم حاصل کر سکیں۔
Comments