
لاہور ( نیوز ڈیسک) غلام محمود ڈوگر کو سی سی پی او لاہور تعینات کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر کی بطور سی سی پی او لاہور تعیناتی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے، وزیر اعلی پنجاب پرویز الہی کے حکم پر غلام محمود ڈوگر کو نیا سی سی پی او لاہور تعینات کیا گیا ہے، گریڈ 21 کے غلام محمود دوگر اس سے پہلے بھی سی سی پی او لاہور رہ چکے ہیں۔
چند روز قبل ہی حکومت نے آئی جی پنجاب کو بھی تبدیل کرتے ہوئے فیصل شاہکار کو آئی جی پنجاب تعینات کیا تھا ، راو سردار علی کو آئی جی ریلوے تعینات کر دیا گیا ہے جب کہ پنجاب میں حکومت کی متوقع تبدیلی کی صورت میں اہم انتظامی افسران کی تبدیلی کا بھی امکان ظاہر کیا گیا تھا ، اسی کو بھانپتے ہوئے حکومت کی تبدیلی کی صورت میں پنجاب کے چیف سیکرٹری کامران افضل اور آئی جی پولیس راؤ سردار نے اپنے عہدوں سے علیحدہ ہونے کی تیار کر لی تھی ۔
وزیراعلیٰ آفس کے ذرائع کا کہناتھا کہ چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب نے وفاق میں بھیجنے کی درخواست کی ہے کہ جس کے لیے دونوں افسران نے شہباز حکومت سے درخواست کی تھی، چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب نے کچھ دن پہلے وفاقی میں بھیجنے کی درخواست کی تھی۔ اس سے قبل آئی جی پنجاب نے وزیراعلیٰ حمزہ شہباز سے وفاق میں تبادلے کی درخواست کی ، حمزہ شہباز نے آئی جی پنجاب راو سردار علی خا ن کو وفاق میں ٹرانسفر کی حامی بھر لی تھی ، راؤ سردار علی خان کو وفاق میں ٹرانسفر کے بعد ڈی جی آئی بی لگائے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا تھا جب کہ نئے آئی جی پنجاب کیلئے اے ڈی خواجہ ، فیصل شاہکار اور انعام غنی کے نام سامنے آئے تھے۔
اس سے دو روز قبل پی ٹی آئی رہنماء شہباز گل نے پنجاب کے چیف سیکرٹری اور آئی جی پر آرٹیکل 6 لگانے کا مطالبہ کیا تھا ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری ایماندار آدمی ہیں لیکن ڈرپوک ہیں، آئی جی پنجاب راؤسردار اور چیف سیکرٹری کے خلاف آرٹیکل 6 لگنا چاہیے ، آئی جی اور چیف سیکرٹری کو بغیر مراعات کے ریٹائر کیا جائے، ان کی نسلیں یاد رکھیں، ایسے کرداروں کے خلاف آواز بلند کرتا رہوں گا
Comments