
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی اور مسلم لیگ ن کے رہنما عطاء اللہ تارڑ،رانا مشہود اور اویس لغاری سمیت دیگر رہنماوں نے حفاظتی ضمانت کیلئے درخواست دائر کر دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق درخواست میں وفاق اور انچارچ تھانہ قلعہ گجر سنگھ کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جھوٹا مقدمہ ہے،صفائی کیلئے پیش ہونا چاہتے ہیں،درخواست میں استدعا کی گئی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ حفاظتی ضمانت منطور کرکے پنجاب پولیس کو گرفتار ی سے روکے۔
ادھر عطاء اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ن لیگ کے کسی رکن کو گرفتار کیا تو آپ سب کو گرفتار کیا جائے گا،پنجاب میں پرویز الٰہی کا راج ہے،پولیس بھی ارکان اسمبلی کے گھروں میں ڈکتیاں کر رہی ہے۔
پرویز الٰہی ملک دشمن بیانیے میں عمران خان کے سہولت کار ہیں،انتقام کا خمیازہ پرویز الٰہی اور انکے صاحبزادے کو بھگتنا پڑے گا۔ مسلم لیگ ن کے رہنماوں کیخلاف مقدمات درج کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ پولیس ارکان اسمبلی کے گھروں میں چھاپوں کے دوران قیمتی سامان اٹھا کر لے جا رہی ہے،اصل مقدمہ تو ڈپٹی اسپیکر پر حملہ کا ہے۔ پنجاب حکومت نے شہباز گل کا بدلہ لینے کیلئے ہم پر ایف آئی آر درج کرائیں۔ انکا کہنا تھا کہ شہباز گل کو ہم نے نہیں کہا تھا کہ بیان دے،25 مئی کا انتشار روکنا ہماری ذمہ داری تھی۔ کسی کے پاس ثبوت ہیں تو پیش کرے،پنجاب حکومت بنی گالہ سے چلائی جا رہی ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور کی مقامی عدالت نے لیگی رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے ۔پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کا مقدمہ 12 لیگی رہنماؤں کے خلاف درج کیا گیا۔ پولیس نے ہنگامہ آرائی کیس کے سلسلے میں وارنٹ گرفتاری کے لیے عدالت سے رجوع کیا۔
Comments