
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) عمران خان کا این اے 245 کا ضمنی الیکشن جیتنے کا دعویٰ- چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے ووٹنگ کا وقت ختم ہونے سے پہلے ہی کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 245 میں ہونے والا ضمنی الیکشن جیتنے کا دعویٰ کر دیا- تفصیلات کے مطابق این اے 245 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔
ضمنی الیکشن کے حوالے سے چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال نے کہا تھا کہ ہم اخلاقی طور پر این اے 245 کا الیکشن جیت چکے ہیں۔ اب عمران خان نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ ہم این اے 245 کراچی کا الیکشن جیت رہے ہیں، ہمارے تمام کیمپس ووٹرز سے بھرے ہوئے اور اپوزیشن کے کیمپس خالی پڑے ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف نے اپنے ووٹرز سے درخواست بھی کی کہ اگر آپ نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا تو فوری طور پر جاکر اپناووٹ ڈالیں۔
یاد رہے کہ این اے 245 کی نشست پی ٹی آئی کے عامر لیاقت حسین کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی اور پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے محمود مولوی میدان میں ہیں جبکہ ایم کیو ایم کی جانب سے معید انور الیکشن لڑ رہے ہیں۔
Comments