
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان اور قطر کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری کی نئی سطح پر لے جانے پر اتفاق ہوا ہے، وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان میں3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر امیر قطر کا شکرگزار ہوں، تجارت بڑھانے، زراعت، خوراک، توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دو روزہ سرکاری دورہ قطر کے دوران وزیراعظم شہبازشریف اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے درمیان ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہبازشریف اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان قطر دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، وزیراعظم نے پاکستان میں 3 ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی تیاری پر امیر قطر کا شکریہ ادا کیا۔
قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی تجارتی وسرمایہ کاری کے شعبوں میں تین ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کرے گی، ملاقات میں وزیراعظم کے ہمراہ وزرا اور سینئر ارکان سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی تھا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ امیر قطر سے ملاقات انتہائی سود مند رہی۔ اس سے قبل دیوان امیری پہنچنے پر وزیراعظم کا استقبال امیر قطر نے کیا، وزیراعظم کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا، امیر قطر کی جانب سے وزیر اعظم اور وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا، دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مشاورت ہوئی، مشاورت کے دوران دو طرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے کیلئے ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا، دونوں فریقین نے باہمی تجارت بڑھانے کیلئے ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا، زراعت، خوراک، توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔
Comments