
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اسلام آباد میں درج مقدمے میں ضمانت کیلئے (کل)25 اگست کو انسداد دہشت گردی کی عدالت سے خود پیش ہو کر رجوع کریں گے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ وڈیو پیغام میں بابر اعوان نے کہا کہ عمران خان نے پارٹی کی قانونی ٹیم کے اجلاس کی صدارت کی جہاں سابق وزیر اعظم کی ضمانت کے لیے اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے 20 اگست کو اسلام آباد میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد پولیس کے اعلیٰ افسران کو دھمکیاں دینے پر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خلاف مارگلہ پولیس اسٹیشن میں انسداد دہشت گردی کی دفعہ 7 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔
اس کے بعد 22 اگست کو عمران خان نے حفاظتی ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا جہاں جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل دو رکنی بینچ نے ان کی 25 اگست تک حفاظتی ضمانت منظور کی تھی۔
بابر اعوان نے وڈیو پیغام میں کہا کہ عمران خان خود عدالت جائیں گے اور دعویٰ کیا کہ مقامی اور عالمی میڈیا معاملے کا پوچھ رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ یہ ایک جھوٹا مقدمہ ہے جس میں نہ تو کوئی بم استعمال ہوا ہے اور نہ کوئی کلاشنکوف لیکن پولیس کی جانب سے دہشت گردی کا مقدمہ بنا کر گزشتہ 20 برسوں میں دہشت گردی کے خلاف تیار ہونے والے پاکستانی مؤقف کو ختم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی میڈیا، انسانی حقوق کے کارکنان اور یہاں تک کہ اقوام متحدہ نے بھی اس معاملے پر خدشات کا اظہار کیا ہے، بابر اعوان نے کہا کہ اللہ نے چاہا تو کل ہم سب ساتھ جائیں گے۔
Comments