
اسلام آباد (نیوز ڈیسک )پاک فوج کے تمام افسران نے ایک ماہ کی تنخواہ فلڈ ریلیف فنڈ میں دینے کا اعلان کردیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے ملک میں بارشوں اورسیلاب متاثرین کی مدد کرنے کیلئے بڑا اقدام اٹھایا ہے ، جس کے تحت پاک فوج کے تمام افسران اپنی ایک ماہ کی تنخواہ فلڈ ریلیف فنڈ میں دیں گے۔
اسی طرح وفاقی کابینہ نے بھی ایک ماہ کی تنخواہ فلڈ ریلیف فنڈ میں دینے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت وزیراعظم سمیت کابینہ کے تمام ارکان کی ایک ماہ کی تنخواہ فلڈ ریلیف فنڈ میں جمع ہوگی۔ مزید برآں وزیراعظم شہبازشریف نے دورہ قطر سے اسلام آباد پہنچنے کے فوراً بعد اقتصادی امور ڈویژن میں سیلاب متاثرین کی امداد، ریسکیو، ریلیف اور بحالی میں تعاون کے لیے بین الاقوامی شراکت داروں کے اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں ریسکیو، ریلیف، متاثرین میں نقد رقوم کی تقسیم کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم کو چیئرمین این ڈی ایم اے اور ہنگامی امداد کے صوبائی اداروں نے سیلاب کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وزیراعظم کل سکھر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے اور متاثرین سے ملیں گے۔وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے سیلابی صورتحال کو قومی ایمرجنسی قرار دے دیا ۔
جمعرات کواپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ صوبہ سندھ اور بلوچستان میں غیرمعمولی تباہی کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے قومی جذبہ دکھانا ہوگا ،متاثرین سیلاب کی مدد کے لئے پوری قوم خاص طور پر بیرون ملک پاکستانیوں کے عطیات کی ضرورت ہے،بہت بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی کی وجہ سے خطیر رقم درکار ہوگی ،وفاقی حکومت، صوبوں کے ساتھ مل کر بھرپور کوششیں کر رہی ہے،ان کا کہنا تھا کہ وسائل کو موبلائز کیا جا رہا ہے ،تیز بارشوں اور شدید سیلابی ریلوں کی وجہ سے ریلیف کے کاموں میں مشکلات آ رہی ہیں ،عوام کی مدد سے متاثرین کے ریسکیو اور ریلیف کے عمل کو تیز بنایا جا سکتا ہے ،وزیراعظم فلڈ ریلیف اکاؤنٹ 2022 میں عطیات جمع کرانے کی تفصیلات پہلے ہی جاری کی جاچکی ہیں،اندرون و بیرون ملک پاکستانی عطیات اکاؤنٹ (Prime Minister Relief Fund Account 2022 Account No. ‘G-12164) میں جمع کرا سکتے ہیں،مصیبت میں گھرے اہل وطن ہماری مدد کے منتظر ہیں، آئیں ہم سب بنیں سہارا،بیرون ملک پاکستانی وائر ٹرانسفر، منی سروس بیوروز، منی ٹرانسفر آپریٹرز اور ایکسچینج ہاؤسز کے ذریعے بھی عطیات بھجوا سکتے ہیں،عطیات تمام کمرشل بینکوں میں نقد بھی جمع کرائے جاسکتے ہیں،بینکوں کے ڈراپ باکس میں کراس چیک، موبائل اور انٹرنیٹ بینکنگ، اے ٹی ایمز، اے بی ایف ٹی، راست کے ذریعے بھی جمع کروائے جاسکتے ہیں۔
Comments