
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے قرض پروگرام کی منظوری دے دی، انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے تحریک انصاف کی سازش کے باوجود پاکستان کیلئے قرض پروگرام کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کیلئے قرض پروگرام کی منظوری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف نے تحریک انصاف کی سازش کے باوجود پاکستان کیلئے قرض پروگرام کی منظوری دے دی ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر برائے خزانہ اور محصولات مفتاح اسماعیل سے آج پیر کو اوتھنتکس انکارپوریشن کے ایگزیکٹو نائب صدر مسٹر ٹم ڈریسکول نے ملاقات کی۔ اوتھنٹکس کے سینئر نائب صدر سٹرٹیجی اینڈ کارپوریٹ ڈویلپمنٹ مسٹر سٹین برٹیلسن، اوتھنٹکس کے جنرل منیجر پاکستان مسٹر ظفر مسعود اور فنانس ڈویژن کے دیگر سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
وفد نے وزیر خزانہ کو چار بڑے شعبوں یعنی سیمنٹ، چینی، کھاد اور تمباکو میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ اس بات کا اشتراک کیا گیا کہ ٹی ٹی ایس سسٹم ایف بی آر کے لیے ٹارگٹڈ سیکٹرز میں ٹیکس چوری کو کم کرنے کے لئے فائدہ مند ہے۔ وزیرخزانہ نے اس نظام کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ٹیکس چوری اور مختلف مصنوعات کی غیر قانونی تجارت پر قابو پانے کے لئے یہ نظام ناگزیر ہے۔
وزیر خزانہ نے وفد کو ہدایت کی کہ مجموعی طور پر محصولات کو بہتر بنانے اور مارکیٹ میں غیر ٹیکس والی مصنوعات کو روکنے کے لیے جلد از جلد اس نظام کے مکمل نفاذ کو یقینی بنایا جائے۔ مزید برآں وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ( ن) اور اتحادی جماعتوں نے اپنی سیاست کو دائو پر لگا کر پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچالیا ہے ،عمران خان کی ایما پر شوکت ترین نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے وزرا خزانہ کو فون کر کے ریاست مخالفت اقدام پر اکسایا ،پاکستان کے مفاد کے خلاف غیر ملکی ادارے کو خط لکھنا غداری ہے، شوکت ترین کو اس فون ریکارڈنگ کے سامنے آنے کے بعد سیاست چھوڑ دینی چاہیے ، خیبر پختو خوا کے وزیر خزانہ تیمور جھگڑا کو فوری مستعفی ہونا چاہیے ،عمران خان کی گذشتہ 10 سالوں سے کے پی کے میں حکومت ہے ،آ ج تک کوئی ایک بڑا سکول، کالج ،یونیورسٹی یا ہسپتال نہیں بناسکے ، عوام بجلی کے بلوں پر جو فیول ایڈجسمنٹ چارجز ادا کر رہے ہیں یہ پی ٹی آئی دور کے خریدے گئے مہنگے فیول کے باعث ہیں۔
Comments