Social

دوست ممالک پاکستان کے بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد اور ان کی جلد سے جلد بحالی کے لئے کوشاں ہیں،سعید غنی

کراچی (نیوز ڈیسک) وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ اس وقت دنیا کے کئی دوست ممالک پاکستان کے بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد اور ان کی جلد سے جلد بحالی کے لئے کوشاں ہیں, ترکیہ کے وزیر داخلہ اور وزیر ماحولیات کی وفد کے ہمراہ پاکستان آمد اور متاثرین کی مکمل بحالی تک یہاں قیام نے متاثرین کے حوصلے بلند کئے ہیں, دوست ملک قطر کی جانب سے قطر سے ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل کی ٹیم کی ادویات کے ساتھ پاکستان کے متاثرین کی امداد پاک قطر دوستی کی بے نظیرمثال ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز کراچی ائیرپورٹ پر ترکیہ کے قونصل جنرل جمال سانگو، وزیر داخلہ سلمان سوئینو، وزیر ماحولیات مرات کرم و دیگر وفد سے ملاقات اور بعد ازاں قطر کے قونصل جنرل شیخ مثال الانصاری سے ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقع پر سندھ کے وزیر ساجد جوکھیو، پاکستان افواج اور پی ڈی ایم اے کے اعلی افسران و دیگر بھی موجود تھے۔

ترکیہ کے وزرا داخلہ و ماحولیات وفد کے ہمراہ کراچی ائیرپورٹ پہنچے تو صوبائی وزرا نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ترکیہ کے قونصل جنرل جمال سانگو، پاک افواج کے اعلی افسران و دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔اس موقع پر ترکیہ کے وزرا نے ترکیہ کے صدر کا خصوصی پیغام پہنچایا اور کہا کہ پاکستان میں اس قدرتی آفات اور اس کے نتیجہ میں ہونے والے ہلاکتوں اور بے گھر ہونے والوں پر ہمیں شدید صدمہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کے عوام جس مشکلات کا شکار ہیں ہم ان کو یقین دلاتے ہیں کہ ترکیہ کی حکومت اور عوام ان کے ساتھ ہے۔ ترکیہ وزرا نے کہا کہ ہم صرف یہاں کے عوام کو ریلیف دینے کے لئے نہیں بلکہ ان کی مکمل بحالی تک یہاں قیام کریں گے اور پاکستان کے عوام کو یقین دہانی کراتے ہیں کہ ترکیہ کی حکومت اور عوام مکمل ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہماری یہاں آمد کا مقصد صدر طیب اردگان کا پیغام اور ان کی جانب سے پاکستانی عوام کو یقین دہانی کرانا ہے۔
ترکیہ وزرا نے کہا۔کہ ہم ملک کے تمام متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کریں گے اور اس سلسلے میں صدر ترکیہ کو بھی آگاہ کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ ہم ترکیہ کے صدر، حکومت اور عوام کے تہہ دل سے مشکور ہیں کہ اس مشکل وقت میں وہ ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ ترکیہ پاکستان کا وہ دوست ملک ہے، جس نے ہر مشکل وقت میں نہ صرف ہمارا ساتھ دیا ہے بلکہ وہ ہمارے ساتھ کھڑا ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ آپ کی یہاں آمد اور متاثرین کی بحالی تک یہاں رہنے کی یقین دہانی ان متاثرین کے لئے بھی خوش آئند ہے۔ بعد ازاں وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے کراچی ائیر پورٹ پر قطر کی جانب سے پاکستان کے بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے بھیجے گئے امدادی سامان کو وصول کیا۔ کراچی ائیرپورٹ پر قطر کے قونصل جنرل شیخ مثال الانصاری ، صوبائی وزیر ساجد جوکھیو و دیگر بھی موجود تھے۔
قطر سے آنے والے دومختلف جہازوں کے ذریعے امدادی سامان اور دوسرے میں ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل اسٹاف و ادویات بھی کراچی پہنچی ہیں ۔صوبائی وزرا نے آنے والے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو خوش آمدید کیا۔ اس موقع پر سعید غنی نے کہا کہ قطر حکومت اور وہاں کی عوام کے تہہ دل سے مشکور ہیں جنہوں نے پہلے روز سے ہی متاثرین کی امداد کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ایک ٹیم اور ادویات کے ہمراہ کراچی پہنچی ہے جو آج ہی متاثرہ علاقوں میں جاکر اپنے کام کا آغاز کرے گی۔ سعید غنی نے کہا کہ اس وقت دنیا کے کئی ممالک پاکستان سے اپنی دوستی نبھاتے ہوئے نہ صرف امدادی سامان فراہم کررہے ہیں بلکہ اب مختلف ممالک سے ٹیموں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ قونصل جنرل قطر شیخ مثال الانصاری نے کہا کہ قطر اور پاکستان کے تعلقات ہمیشہ دوستانہ رہے ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کی محبت لازوال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے پاکستان میں مشکلات سے متاثر بھائیوں کے ساتھ ہیں۔


اس خبر پر اپنی راۓ کا اظہار کریں

RATE HERE


آپ کا نام


آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

آپکا ای میل ایڈریس


آپنا تبصرا لکھیں
Submit

Comments

اشتہار



مزید پڑھیں
tml> Tamashai News Tv