
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اداروں کو بد نام کرنے کیلئے عمران نیازی کی نفرت انگیز باتیں ہر روز نئی بلندیوں کو چھو رہی ہیں،عمران خان اب مسلح افواج اور اس کی قیادت کے خلاف کیچڑ اچھالنے اور زہریلے الزامات لگا رہے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ اداروں کو بدنام کرنے کے لیے عمران نیازی کی نفرت انگیز مہم ہر روز نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔عمران خان کا مذموم ایجنڈا واضح طور پر پاکستان کو تباہ کرنا اور کمزور کرنا ہے۔
دوسری جانب گزشتہ روز عمران خان کا کہنا تھا کہ شریف اور زرداری خاندان 30 سال سے چوری کر رہے ہیں۔
مریم کہتی ہیں دادا ارب پتی تھا، شہباز شریف کہتا ہے میرا باپ غریب تھا۔ سابق وزیر اعظم عمران خان نے فیصل آباد میں جلسہ عام سے خطاب میں کہا کہ آصف زرداری ملک کی سب سے بڑی بیماری ہے،مریم نواز کہتی ہیں دادا ارب پتی تھا، شہباز شریف کہتا ہے میرا باپ غریب تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں بجلی کی قیمت 18 روپے یونٹ تھی، ہم نے پیٹرول کی قیمت کم رکھی، عوام پر بوجھ نہیں پڑنے دیا، بیرونی سازش کرکے امپورٹڈ حکومت کو مسلط کیا گیا۔
مزدوروں، کسانوں، صنعتکاروں کے برے حالات ہیں، امپورٹڈ حکومت صرف اپنے مقدمے ختم کرنے آئی ہے، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں، ملک میں بیروزگاری بڑھ رہی ہے۔عمران خان نے کہا کہ سیلاب سے بچاؤ کیلئے ہمیں مستقبل میں ڈیمز بنانے ہوں گے، پانی کو نکالنے کے لیے ڈرین سسٹم بنانا ہوگا، موسم کی تبدیلی کو روکنے کے لیے شجرکاری کرنا ہوگی، ہمارے دور میں 4 فصلوں کی بڑی پیداوار ہوئی، امپورٹڈ حکومت نے 4 ماہ میں پاکستان کا بیڑہ غرق کردیا۔ آئی ایم ایف نے کہا کہ معاشی بدحالی کی وجہ حکومت کی کرپشن ہے۔
Comments