
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کے رہنما اسحاق ڈار کی نا اہلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔الیکشن کمیشن کے ممبر نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی نا اہلی کی درخواست پر سماعت کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق درخواست گزار اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے معاون وکیل محفوظ بخاری الیکشن کمشین میں پیش ہوئے،معاون وکیل نے کہا کہ اسحاق ڈار کی جانب سے کوئی جواب جمع نہیں کرایا گیا۔
ممبر نثار درانی کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ میں کہتے ہیں الیکشن کمیشن نے کیس سرد خانے میں ڈالا ہوا ہے،آپکو کیس میں بلاتے ہیں تو التوا کی درخواست کرتے ہیں۔ اسحاق ڈار سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے لیکن حلف نہیں اٹھایا،اسحاق ڈار نے حلف نہیں اٹھایا،سینیٹ کے رکن نہیں تو کیسے نا اہل کریں؟ ادھر احتساب عدالت نے وزیر اعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیخلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس نیب کو واپس بھجوا دیا،عدالت نے قرار دیا کہ رمضان شوگز ملز ریفرنس احتساب عدالت کے دائر اختیار میں نہیں آتا۔
عدالت نے نیب ترامیمی آرڈیننس کی بنیاد پر ریفرنس نیب کو واپس بھجوایا،احتساب عدالت نے نیب آرڈیننس 2022 کے تحت فیصلہ سنایا اور قرار دیا کہ 50 کروڑ سے کم کا کرپشن کیس احتساب عدالت کے دائر اختیار میں نہیں آتا،شہباز شریف کے وکیل نے آج ہی دائر اختیارات پر دلائل دئیے تھے۔ قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی جانب سے منی لانڈرنگ کیس میں بریت کی درخواستیں دائر کی گئیں،عدالت نے بریت کی درخواست پرایف آئی اے سے جواب طلب کرلیا،کیس کی سماعت 17 ستمبرتک ملتوی کردی گئی۔اسپیشل جج سینٹرل میں شوگر مل کے ذریعے منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہباز شریف اورحمزہ شہباز نے بریت کی درخواستیں دائر کیں۔
Comments