
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام مکمل کرنا ن لیگ اور اتحادی حکومت کا کریڈٹ ہوگا، آئی ایم ایف پروگرام جون تک چلنا ہے اور حکومتی مدت اگست تک ہے، آئی ایم ایف کی ساری شرائط پوری کریں گے، وزیراعظم کی لیوی ٹیکسز استثنا کی درخواست پر ایم ڈی آئی ایم ایف نے انکار نہیں کیا تھا۔
انہوں نے سماء نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈالر نیچے آرہا ہے تو 24دنوں میں ڈالر 24 روپے مزید نیچے آ سکتا ہے،اکتوبر کے آخر تک ڈالر 200روپے تک آجائے گا، ڈالر کی قدر نیچے گرنے سے اشیاء ، انرجی کی قیمتوں پر پڑے گا، فیول پر جو بجلی بناتے ہیں اس پر بھی اثر پڑے گا، اس وقت مہنگائی 23،24 فیصد پر ہے اس میں امپورٹڈ افراط زر بھی شامل ہے، ڈالر کی قدر میں کمی کا روپے پر بڑا اثر پڑے گا، مجھے بڑی امید ہے کہ 12سے 14فیصد تک لے آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ پہلی ساری شرائط پوری کریں گے، آئی ایم ایف پروگرام بھی مکمل کریں گے، حکومت کی مدت اگست تک اور آئی ایم ایف پروگرام جون تک چلنا ہے، دعا ہے اللہ تعالیٰ مسلم لیگ ن اور اتحادی حکومت کو وہ کریڈٹ دیں جب دوسری بار بھی پروگرام مکمل کریں۔ آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا کرنا ریاست کی کریڈیبلٹی ہے، شاید میں پروگرام کیلئے مذاکرات کرتا تو کچھ اور طرح ہوتے، مفتاح اسماعیل کو وہ لچک نہیں تھی ، مجھے کئی لوگوں نے کہا کہ آپ آئی ایم ایف کی کچھ چیزوں کو دوبارہ بات کریں گے، لیکن ہم اس پر وقت ضائع نہیں کریں گے۔
تیل کی قیمتیں کم کیں تو یہ تھا کہ اکتوبر کے مہینے میں پیٹرول اور ڈیزل پر 5، 5روپے لیوی لگنی تھی۔ جتنی عوام پسی ہوئی ہے ہمیں عوام کو ریلیف دینے کیلئے بہت کچھ کرنا چاہیئے تھا۔وزیراعظم نے جنرل اسمبلی یواین میں ایم ڈی آئی ایم ایف سے سائیڈ میٹنگ میں کہا تھا ہمارے لوگ سیلاب میں پسے ہوئے ہیں لیوی ٹیکسز تین ماہ کیلئے استثنا دیں، آدھا پاکستان پانی میں ڈوبا ہوا ہے، انہوں نے اس پر انکار نہیں کیا تھا۔
Comments