
کراچی(نیوز ڈیسک) سندھ حکومت نے سیلاب زدگان کو لاوارث چھوڑ دیا ہے،موسم سرما اور پھیلتے ہوئے وبائی امراض نے ان کی مشکلات مزید بڑھادیں ہیں۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق 19 اکتوبر کو جیکب آباد پہنچیں گے، جہاں پر وہ بائی پاس پر الخدمت کے تحت قائم خیمہ بستی کا دورہ اور متاثرین سے خطاب کریں گے۔ سیلاب زدگان کی امداد میں تاخیر و کرپشن سے سندھ حکومت کی نااہلی بے نقاب ہوچکی ہے۔
ان خیالات کا اظہارِ جماعت اسلامی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا نے یہاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جیکب آباد سمیت سندھ کے سیلاب زدہ عوام اپنے فصلوں گھروں و املاک سے محروم ہوکر اذیت ناک زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
قدرتی آفت کا شکار عوام کو کوئی ریلیف دینے کی بجائے حکمران مہنگائی اور ٹیکسوں کی بھرمار کے ذریعے ان کا مزید خون نچوڑنے میں مصروف ہیں۔
ملکی و بیرونی امداد کا بڑا حصہ کرپشن کی نظر اور کچھ باقی بچ جاتا ہے تو اس کو حقیقی متاثرین کی بجائے سیاسی بنیادوں پر بندر بانڈ کی جا رہی ہے۔ جماعت اسلامی سیلاب زدگان کی امداد پر ڈاکہ برداشت نہیں کرے گی۔ 19اور 20 اکتوبر کو جماعت اسلامی سندھ سراج الحق کی قیادت میں متاثرین سیلاب کو اپنا حق دلانے اور سندھ کے حقوق کے لیے جیکب آباد سے تحریک کی شروعات کرے گی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ متاثرین کا سب سے بڑا و اہم مسئلہ بارش کے پانی کی نکاس ہے مگر حکومت نہ صرف پانی کی نکاس بلکہ روڈ راستوں کی بحالی کے لیے بھی سنجیدہ نظر نہیں آتی۔جنگ کی حالت میں بھی راستہ بحال کئے جاتے ہیں مگر دو ماہ گزرنے کے باوجود حکومت پانی کی نکاس ریلوے سمیت راستوں کی مکمل بحالی میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔
Comments