
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) الیکشن کمیشن نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دئیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن نے کراچی کے 7 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کئے ہیں۔کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ الیکشن کمیشن کے اجلاس میں کیا گیا۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 15 دن بعد اجلاس دوبارہ بلا کر بلدیاتی انتخابات کرانے کی تاریخ سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا،وزارت داخلہ سے انتخابات کے پر امن انعقاد کیلئے فوج اور رینجرزکی فراہمی یقینی بنانے کا کہا تھا۔
وزارت داخلہ نے مطلع کیا تھا کہ پولیس میں نفری کی کمی کے پیش نظر فوج اور رینجرز اہلکار ڈیوٹی نہیں کر سکتے، الیکشن کمیشن کے پاس اس کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا کہ فی الحال انتخابات ملتوی کر دئیے جائیں۔
یاد رہے کہ سندھ حکومت کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کیلئے تین بار درخواست کر چکی تھی جبکہ وزارت داخلہ نے بھی بلدیاتی انتخابات کیلئے سکیورٹی اہلکار دینے سے معذرت کی تھی۔
قبل ازیں وزارت داخلہ نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو خط لکھا۔ خط میں کہا گیا کہ سول آرمڈ فورسز اور پاکستان آرمی سرحدوں اور سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں،کراچی بلدیاتی انتخابات کیلئے پاکستان آرمی اور سول آرمڈ فورسز کے 16 ہزار اہلکار فراہم نہیں کر سکتے۔ خط میں یہ بھی کہا گیا کہ سول آرمڈ فورسز کے اہلکار بطور کوئیک رسپانس فورسز دوسرے،تیسرے درجے پر فراہم کئے جا سکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن سندھ حکومت کی مشاورت سے بلدیاتی انتخابات کا فیصلہ کرے۔ یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے کراچی بلدیاتی انتخابات کیلئے 16 ہزار اہلکاروں کا کہا تھا،الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ سے کراچی بلدیاتی انتخابات کی سکیورٹی پر جواب بھی طلب کیا تھا۔ کراچی کے 7 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات 23 اکتوبر کو شیڈول تھے۔ دوسری جانب دوسری جانب الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کو 7 روز میں بلدیاتی قانون بنانے کا حکم دے دیا۔
Comments