
راولپنڈی (نیوزڈیسک) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے شیخ رشید اور انکے بھائی کی متروکہ وقف املاک کے نوٹس کیخلاف درخواست منظور کر لی۔عدالت نے متروکہ وقف املاک بورڈ کو لال حویلی سے متعلق کوئی کاررائی نہ کرنے کا حکم دے دیا۔متروکہ وقف املاک کو 15 دن کیلئے کارروائی سے روکا گیا ہے۔لال حویلی کیس میں شیخ رشید کی درخواست پر فیصلہ جاری کیا،عدالت نے لال حویلی خالی کرانے کے نوٹس کے خلاف شیخ رشید کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
قبل ازیں عدالت نے لال حویلی خالی کرانے کے نوٹس کے خلاف سربرہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کی درخواست پرسماعت کی۔دوران سماعت شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرزاق نے عدالت کو بتایا کہ کرائے کی دکانوں کی آڑ میں لال حویلی کا نام استعمال کیا جارہا ہے،سیشن عدالت میں یہ کیس 24 اکتوبر کو مقرر ہے۔
شیخ رشید کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر نے حکومتی دباؤ پر غیر قانونی نوٹس دیا لہٰذا عدالت سے کالعدم قرار دے۔
عدالت نے شیخ رشید کے وکیل کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کیا۔ یاد رہے کہ متروکہ وقف املاک بورڈ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اور ان کے بھائی شیخ صدیق کو لال حویلی خالی کرنے کا نوٹس جاری کیا۔ متروکہ وقف املاک بورڈ نے شیخ رشید اور انکے بھائی کی جائیداد سے بے دخلی کا نوٹس جاری کیا۔ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر متروکہ وقف املاک بورڈ نے کہا کہ 7 روز کے اندر زیر قبضہ اراضی یونٹس خالی کریں ورنہ آپ کو بذریعہ پولیس بے دخل کر دیا جائے گا،جائیداد میں لال حویلی کی جگہ بھی شامل ہے۔
ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر متروکہ وقف املاک آصف خان نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو بھی پولیس کی معاونت کیلئے خط لکھا تھا۔متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے 19 اکتوبر کو آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کے مطابق لال حویلی سمیت متروکہ وقف کی 7 اراضی یونٹس کی متعدد سماعتیں ہو چکی ہیں،شیخ رشید اور انکے بھائی کوئی مستند دستاویزات پیش نہیں کر سکے۔
Comments