
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ کسی کی نا اہلی یا گرفتاری پر شادیانے بجانا نا معقول کام ہے،عمران کی نا اہلی پرافسوس ہے مگر مخالفین کو پھانسنے کے جال انہوں نے بُنے۔ خواجہ سعد رفیق نے سوشل پر اپنے بیان میں کہا کہ ہر غلیظ کام عمران نے خود کیا اور کروایا لیکن اسکا گند دوسروں پر اچھالا۔
اقتدار کیلئے بنائے گئے جھوٹے بیانیے کے مکروہ کھیل کے بینیفیشری عمران خان ہی تھے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کو نا اہل قرار دیا جبکہ ان کی قومی اسمبلی کی نشست خالی قرار دینے کے ساتھ عمران خان کے خلاف فوج داری کارروائی شروع کرنے کا بھی حکم دیا۔
عمران خان کی نا اہلی پر الیکشن کمیشن نے تحریری فیصلہ بھی جاری کیا۔
تحریری فیصلہ 36 صفحات پرمشتمل ہے۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ عمران خان نے دانستہ طور پر تحائف کی تفصیلات گوشواروں میں جمع نہیں کرائیں۔وکلا کے دلائل،دستیاب ریکارڈ اور ہماری فنڈنگز کے مطابق عمران خان نا اہل ہو چکے ہیں۔ عمران خان آئین کے آرٹیکل 63 ون پی اور الیکشن ایکٹ 2017 کی سیکشن 137،167 اور 173 کے تحت نا اہل ہیں۔فیصلے کے مطابق عمران خان رکن اسمبلی نہیں رہے۔
تحریری فیصلے کے مطابق عمران خان کرپٹ اقدام کے مرتکب ہوئے۔عمران خان نے جھوٹی اسٹیٹمنٹ اور ڈکلیئریشن جمع کرائیں۔عمران خان نے توشہ خانے سے حاصل تحائف اثاثوں میں ڈکلیئر نہ کئے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق مکمل فیصلہ جاری نہیں کیا گیا،ابھی فیصلے کے کچھ حصے جاری کئے گئے ہیں۔ فیصلے پر ممبر پنجاب کے دستخط موجود نہیں۔ممبر پنجاب بابر حسن کی طبیعیت ناساز ہے۔ممبر پنجاب کے دستخط کے بعد مکمل فیصلہ جاری کیا جائے گا۔ جبکہ تحریک انصاف نے عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن کے فیصلے کو مسترد کیا اور الیکشن کمیشن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
Comments