
لاہور (نیوزڈیسک) قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے سابق صوبائی وزیر مواصلات علی افضل ساہی کو 20فروری کو طلب کر لیا ۔ نیب کی جانب سے مواصلات و تعمیرات میں تبادلوں اور ٹھیکوں میں مبینہ بے ضابطگیوں پر تحقیقات شروع کی گئی ہے ۔ علی افضل ساہی سے کیس سے متعلق تفتیش کی جائے گی۔سابق صوبائی وزیر علی افضل ساہی نے نیب طلبی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میں لکھ واری بسم اللہ کراں۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ خدا کی ذات گواہ ہے کہ میں نے قومی خزانہ نہیں لُوٹا، قوم کا پیسہ انتہائی ایمانداری داری سے استعمال کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈٹ کے عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں،اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والا نہیں۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے مریم نواز کے لاہور ہائیکورٹ میں جج کے داماد ہونے کا فائدہ اٹھانے کے الزام پرعلی افضل ساہی نے ردِعمل دیا۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے ایک بیان میں کہا تھا کہ پی ٹی آئی لاہور ہائیکورٹ میں جج کے داماد ہونے کا فائدہ اٹھا رہی ہے۔ جس پر ردِعمل دیتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد امیر بھٹی کے داماد اور پی ٹی آئی رہنما علی افضل ساہی نے کہا کہ محترمہ مریم نواز صاحبہ ججوں کو فون کر کے من پسند فیصلے کروانے اور ان میں بریف کیس تقسم کرنے کی بنیاد آپ کے بزرگوں نے رکھی تھی۔
علی افضل ساہی نے ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ عدالتیں آئین اور قانون کے مطابق کام کریں تو آپ کو تکلیف ہوتی ہے. آپ کی اطلاع کے لیے عرض ہے کہ سارے داماد آل شریف کے دامادوں کی طرح سسرال کی بیساکھیوں پر نہیں جیتے۔ کچھ لوگ اللہ کی ذات سے مانگتے ہیں اور اسی پر توکل کر کے جیتے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی رہنما عظمٰی بخاری نے بھی ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے سوال اٹھایا تھا کہ علی افضل ساہی کو آج کل اور خاص طور پر پچھلے دو دن سے بہت اہمیت دی جارہی ہے،کوئی خاص وجہ؟؟علی افضل ساہی نے عظمیٰ بخاری کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ عظمیٰ صاحبہ عزت اور اہمیت اللہ کی ذات دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ بھی نواز شریف سے مانگنا چھوڑیں اور اللہ سے رجوع کریں، شاید آپ کو بھی مل جائے۔
Comments