
لاہور (نیوزڈیسک) امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف کے ڈیفالٹ کے اعتراف کے بعد انہیں کرسی پر بیٹھنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ پوری قوم پریشان اور مایوس ہے، چولہے ٹھنڈے، کارخانے بند ہو گئے، 2 ماہ میں مہنگائی 27 فیصد بڑھ گئی ہے، پارلیمنٹ والے غریب کے مسئلے نہیں جانتے، پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی مفادات کی لڑائی اور نورا کشتی ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ لوگوں نے گھر کا سامان بیچنا شروع کر دیا ہے، 170 ارب صرف سیاستدانوں کی پراپرٹی بیچنے سے حاصل کیے جا سکتے ہیں، موجودہ قیادت اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، ہمارا راستہ ہمیشہ دیدہ اور نادیدہ قوتوں نے روکا ہے، 27 فروری کو اسلام آباد میں اپنا آئندہ کا پروگرام دیں گے۔
خیال رہے کہ سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب میں وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیفالٹ ہو نہیں رہا بلکہ ہو چکا ہے، ہم ایک دیوالیہ ملک کے رہنے والے ہیں، گزشتہ بتیس سال ملک کو رسوا ہوتے دیکھا، کبھی اسٹیبلشمنٹ اور کبھی بیوروکریسی کے ہاتھوں، زندگی کے اس حصے میں احساس ہوا کہ عمر رائیگاں گزری ہے، ڈیڑھ سال پہلے دہشت گردوں کو کون پاکستان میں دوبارہ لایا؟ ہم نے ملک کو غیر محفوظ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، ہمیں خود احتسابی کی ضرورت ہے، ملک کے تمام مسائل کا حل ملک کے اندر ہی ہے، آئی ایم ایف کے پاس نہیں، دین سے دوری کی وجہ سے ہم کامیاب قوم نہیں بن سکے، ہم سب کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔
Comments