
اسلام اباد (نیوزڈیسک) ملک میں شعبان المعظم کا چاند نظر آگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے شعبان المعظم کا چاند نظر آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم شعبان 22 فروری بروز بدھ کو ہوگی، اس حوالے سے چاند دیکھنے کے لیے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت اجلاس کوہسار بلاک پاک سیکریٹریٹ کی چھت پر منعقد ہوا، دیگر شہروں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس منقعد کئے گئے۔
معلوم ہوا ہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں سید مشاہد حسین، حافظ عبدالقدوس سمیت محکمہ موسمیات اور دیگر کمیٹیوں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔ ادھر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں شعبان کے آغاز کے ساتھ ہی رمضان کی تیاریاں شروع کردی گئیں، متحدہ عرب امارات کی جنرل اتھارٹی آف اسلامک افیئرز اینڈ اینڈومنٹس کی ویب سائٹ نے 21 فروری کو یکم شعبان کے طور پر بیان کیا ہے یعنی امارات میں آج سے شعبان کا مہینہ شروع ہوچکا ہے، جس کا مطلب ہے کہ رمضان کا مقدس مہینہ یو اے ای سے اب صرف 30 دن دور ہے کیوں کہ اسلامی کیلنڈر کے مہینے 29 یا 30 دن کے ہوتے ہیں، یہ اس بات پر منحصر ہے کہ چاند کب نظر آتا ہے تاہم فلکیاتی حساب کے تحت شعبان 30 دن تک جاری رہنے کی توقع ہے اور رمضان المبارک کا مقدس مہینہ 23 مارچ سے شروع ہونے کا امکان ہے، شہری ممکنہ طور پر 29 روزے رکھیں گے کیوں کہ جمعہ 21 اپریل کو عید الفطر کا پہلا دن ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسی طرح سعودیہ کے سبق نیوز پورٹل کے مطابق مملکت کے متعلقہ ادارے نے کہا ہے کہ آج یکم شعبان ہے اور 21 مارچ کا سورج غروب ہونے پر رمضان المبارک کا چاند دیکھا جائے گا جب کہ ماہر موسمیات کہتے ہیں کہ فلکی حساب سے چاند اور سورج کا ملاپ 21 مارچ کی شام کو 8 بجکر 23 منٹ پر ہوگا۔
Comments