
اسلام آباد(نیوزڈیسک) الیکشن کمیشن اپریل یا مئی میں پنجاب اور کے پی کے میں الیکشن کرانے پر غور کر رہا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کل اجلاس ہوا جس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد معاملے پر غور کیا گیا تھا تاہم کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا۔رپورٹس کے مطابق کمیشن کی رائے بہت واضح تھی کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرنا ہوگا اور صدر مملکت کو پنجاب میں تاریخ بتانا ہو گئی جبکہ کے پی کے میں الیکشن کے لیے گورنر سے مشاورت کرنا ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انتخابات اسمبلیوں کی تحلیل کے 90 دن میں مکمل نہیں ہوں گے۔جبکہ صدر مملکت اور گورنر کے پی کے کی جانب سے تاریخ کا اعلان ہونے کے 54 دن میں بھی نہیں ہوں گے۔ممکنہ طور پر کمیشن رمضان اور عید کے بعد تاریخ کی تجویز پیش کر سکتا ہے۔
کہا جاتا ہے کہ تاریخ کے آپشن اپریل کے آخری ہفتے یا مئی کے اوائل میں ہوں گے۔اسٹیک ہولڈر کے ساتھ رابطے کا مرحلہ دونوں صوبوں میں الیکشن کی تاریخ کا اعلان کے بعد آئے گا۔
خیال رہے گذشہ روز الیکشن کمیشن نے پنجاب میں انتخابات کیلئے صدر مملکت کے ساتھ مشاورتی عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔جمعرات کوچیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے حوالے سے صدر مملکت کے ساتھ مشاورت شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کے اجلاس میں ممبران اور سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید بھی شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا اور پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ذرائع نے بتایاکہ اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے حوالے سے صدر پاکستان کے ساتھ مشاورتی عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے حوالے سے دیگر تمام شراکت داروں کے ساتھ بھی رابطہ کرے گا۔
Comments