
اسلام آباد (نیوزڈیسک) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ چین کے بینک آئی سی بی سی سے 1 ارب 30 کروڑ ڈالر کے رول اوور کی منظوری ہو چکی ہے۔ اسحاق ڈار نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں بتایا کہ فنانسنگ کے حوالے سے تمام رسمی کارروائیاں مکمل کی گئیں اور چینی بینک نے رول اوور سہولت کی منظوری دی،یہ رقم تین اقساط میں پاکستان کو دی جائے گی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ قرض پاکستان نے چین کو ادا کر دیا تھا،رول اوور سہولت کے تحت 1 ارب 30 کروڑ ڈالر میں سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر موصول ہو چکے ہیں،باقی 80 کرور ڈالر جلد موصول ہو جائیں گے،اس رقم سے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو گا۔
قبل ازیں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ جلد معاہدہ ہو جائے گا، کم آمدن والوں کی فلاح وبہبود کیلئے خصوصی اقدامات کر رہے ہیں، عمران خان معیشت پر خاموش رہیں یا افلاطونوں کے ساتھ ملکرمناظرہ کرلیں، عمران خان کے ٹویٹ سے ملک کو نقصان ہوتا ہے، ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر 9 ارب ڈالر سے زائد ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ عمران خان اپنا ماضی کا ریکارڈ دیکھیں،عمران خان کے وزیر خزانہ ڈیفالٹ ڈیفالٹ کی رٹ لگاتے ہیں۔اللہ کے فضل سے نہ دیوالیہ ہوئے نہ ہوں گے۔اتحادی حکومت نے سیاست پر ریاست کو ترجیح دی۔ ملک ڈیفالٹ ہونے کی سوچ رکھنے والے اپنے مفاد رکھتے ہیں،عمران خان کو اپنے اقتدار کے سوا کچھ نظر نہیں آتا۔ عمران خان کی خواہش ہے کہ ملک ڈیفالٹ کرے،ڈیفالٹ کی باتیں کرنے سے اسٹاک مارکیٹ پر اثر پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مل بیٹھ کرسوچیں کہ پاکستان کو کیسے استحکام دینا ہے،عمران خان کی حکومت نے ملکی معیشت کا بیڑاغرق کیا۔بہت سے لوگوں نے کہا کہ آپ نے بیوقوفی کی،عمران خان خود گرجاتا، مس مینجمنٹ اور بیڈ گورننس پاکستان کے یہاں پہنچنے کی وجہ بنی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے مالی خسارہ 7.9 پر چھوڑا تھا،پاکستان میں سیلاب کی وجہ سے ہمیں گندم باہر سے منگوانا پڑی،معلوم نہیں عمران خان کی ٹانگ خراب ہے یا دماغ۔فی کس آمدنی میں ہم نے ماضی میں 27 فیصد اضافہ کیا۔
Comments