
لاہور (نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی ریلی کے حوالے سے محکمہ داخلہ پنجاب نے پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کو مراسلہ لکھ دیا۔مراسلے میں کہا گیا کہ آج پی ٹی آئی کی ریلی کے لیے سیکیورٹی انتظامات سخت کیے جائیں، لاہور میں آج خواتین کے عالمی دن پر خواتین مارچ بھی ہو رہا ہے۔محکمہ داخلہ نے کہا پی ٹی آئی کی قیادت قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون یقینی بنائے۔
ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال میں عوامی اجتماعات ہونا مناسب نہیں۔پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سیاسی محاذ پر مزید متحرک ہو گئے ہیں، انہوں نے ایک مرتبہ پھر حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکلنے کا فیصلہ کیا ہے، بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان آج (8مارچ) لاہور میں نکالی جانے والی ریلی کی قیادت کریں گے جبکہ گزشتہ روز انہوں نے زمان پارک میں پارٹی کے سینئر رہنمائوں سے ملاقات کی، جن میں اپنی ممکنہ گرفتاری کی صورت میں حکمت عملی سمیت دیگر سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا اور مشاورت کی گئی۔
پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان کا اصلی شیر زمان پارک سے نکلے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریلی کیلئے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، ایک بجے زمان پارک سے نکلیں گے، 25 مقامات پر استقبالیہ کیمپ ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک سیاسی تقریب اور شو کیلئے نکل رہے ہیں، ہماری جدوجہد جمہوریت، عدلیہ کی آزادی اور قانون کی بالادستی کیلئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پر اس وقت 77 جعلی مقدمے کیے گئے ہیں، عدالتوں میں عمران خان کیلئے کوئی سیکیورٹی موجود نہیں۔ سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ بڑے چور 1100 ارب روپے این آر او میں کھا جاتے ہیں، لوگوں پر جیسے پرچے کیے جا رہے ہیں اس کو بنانا رپبلک بنانا چاہتے ہیں۔
Comments