
اسلام آباد (نیوزڈیسک) قائد مسلم لیگ ن نواز شریف نے پنجاب میں انتخابی مہم تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق نواز شریف نے پنجاب میں انتخابات سے متعلق پارٹی رہنماؤں سے ویڈیو لنک پر مشاورت کی ہے،نواز شریف نے انتخابی مہم تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات 30 اپریل کو ہوں یا اکتوبر میں ،تیاری رکھیں،افرا تفری پیدا کرنے والوں کو بے نقاب کیا جائے،ضروری ہو گیا ہے کہ قوم کو عمران خان جیسے فتنے سے نجات دلاؤں۔
نواز شریف نے کہا کہ پارٹی ٹکٹس وفادار اور مضبوط کارکنوں کو دیں گے،مریم نواز،چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور اس کے سہولت کاروں کو بھرپور جواب دے رہی ہیں۔ قائد مسلم لیگ ن نے ہدایت کی کہ مریم نواز کے ساتھ انتخابی مہم میں سب رہنما تعاون اور شرکت کریں،عمران خا ن کے دور کی تمام بے قاعدگیاں اور غلط فیصلے عوام کے سامنے رکھیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز مریم نواز نے فیصل آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں کہا کہ پانامہ بنچ والو،نشہ کرنے والے شخص کومسلط کرنے پرقوم تمہیں معاف نہیں کرے گی، آج ضمانت پارک سے بنی گالہ تک بھنگ کے اثرات نظر آتے ہیں، پاکستان کی ترقی کا دشمن پانامہ بنچ تھا، نوازشریف کو نکالا تو ترقی بھی چلی گئی، زمان پارک میں خواتین کے استحصال پر سرشرم سے جھک جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2013 میں جب نوازشریف حکومت میں آئے تو بجلی اور گیس نہیں تھی، 2013 میں جب نواز شریف آئے تو 22 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ختم کی، جب نوازشریف گیا تو یہ ملک بھی نیچے گیا،۔ 2018 سے 2022 تک جب گھڑی چور کی حکومت تھی کیا کبھی کسی نے ایسا فیصلہ سنا- ہر روز سنتے تھے کہ چینی آٹا مہنگے ہوگئے، لیکن کسی نے کبھی آٹا مفت دینے کا نہیں سنا تھا، شہبازشریف پنجاب کے 8 کروڑ عوام کو مفت آٹا فراہم کریں گے۔
Comments