
اسلام آباد (نیوزڈیسک) خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے، عدالت نے سابق وزیراعظم کو 29 مارچ کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا جب کہ بریت کی درخواستوں پرآئندہ دلائل کیلئے فریقین کو نوٹسزجاری کردیے گئے، سول جج رانا مجاہد رحیم نے محفوظ فیصلہ سنایا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے کے کیس میں سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی، دوران سماعت عدالت نے عمران خان کو عدالتی وقت میں پیش ہونے کا حکم دیا، سول جج رانا مجاہد رحیم نے ریمارکس میں کہا کہ آج اگر عمران خان نہیں آتے تو وارنٹ جاری کر دوں گا، عمران خان عدالتی وقت میں نہ آئے تو ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کروں گا۔
معلوم ہوا ہے کہ عمران خان نے سول جج رانا مجاہد رحیم کی عدالت میں خاتون جج کو دھمکانے کے کیس، انسدادِ دہشت گردی عدالت میں تھانہ سنگجانی میں درج مقدمہ اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں اقدامِ قتل کیس میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کی تھیں، خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے کے کیس میں عمران خان نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی تھی، عمران خان سیشن کورٹ میں پیش نہ ہوئے اور ان کے وکیل نعیم پنجوتھہ نے سول جج رانا مجاہد رحیم کی عدالت میں عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔
درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عمران خان کی صحت اجازت نہیں دیتی کہ اسلام آباد سفر کر سکیں، ان کی جان کو خطرہ سنجیدہ نوعیت کا ہے، سکیورٹی خدشات کے پیش نظر حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔
Comments