
اسلام آباد (نیوزڈیسک) وزیراعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ عمران خان اعلان بغاوت کربیٹھے انہیں عدالت کے سامنے سرنڈر کرنا ہوگا، عمران خان نے جان کو خطرے کا بے بنیاد مفروضہ بنایا ہوا ہے، جان کو خطرہ 7 گھنٹے کی ریلی میں نہیں تھا پولیس پر پیٹرول بم پھینکنا اور نارواسلوک ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کی جانب سے عمران خان کو نوٹس جاری کئے گئے، اگر عمران خان پیش ہوجاتے تو یہ صورتحال نہ ہوتی، عدالتی حکم کے باوجود عمران خان کی گرفتاری نہیں ہوسکی، ایک طرف کہا جارہا ہے کہ عمران خان کو گرفتاری سے بچانا ہے، دوسری جانب پی ٹی آئی کارکنان نے پیٹرول بم بھی برسانے شروع کردیئے، عمران خان کے گھر سے پولیس پر پیٹرول بم پھینکے گئے، اپنے اداروں پر پیٹرول بم پھینک کرکیا پیغام دیا جارہا ہے زمان پارک میں پولیس کے ساتھ نارواسلوک ناقابل برداشت ہے، کیا کمپرومائز کرتے کرتے ہم ریاست چلا پائیں گے -ادارے بے بس ہوں گے تو کیا ریاست چلا پائیں گے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ کیا عمران خان کو ریلی کے دوران کوئی خطرہ نہیں جب لاہور میں سات گھنٹے گھومتے رہے جب کہ عدالت میں پیشی پر خطرہ ہے؟عمران خان نے جان کو خطرے کا بے بنیاد مفروضہ کھڑا کیا ہوا ہے۔
قمر کائرہ نے کہاکہ کیا عدالتیں حکم دینا بند کردیں؟ عمران خان اعلان بغاوت کربیٹھے انہیں عدالت کے سامنے سرنڈر کرنا ہوگا۔اسی طرح جمیعت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپنے ردعمل میں کہا کہ عمران خان نے پوری پارٹی کو ریاست کے سامنے لا کھڑا کیا ہے، کہتے ہیں عمران خان کی گرفتاری نہیں ہونی چاہیئے، ایک طرف کہتا ریاست مدینہ میں قانون کے سامنے سب برابر ہیں، لیکن آج قانون ان کے خلاف حرکت میں آیا تو کہتا قانون ان کو نہیں چھو سکتا، آپ کے دور میں کس کی گرفتاری نہیں ہوئی - گھر میں چھپ کربیٹھے ہوئے ہو، بچوں ، خواتین اور کارکنان کو ڈھال بنایا ہوا ہے، دنیا کو بتا رہا ہے کہ میرے کارکنان مجھے بچانے کیلئے ہے۔
عمران خان نے ثابت کیا کہ وہ بدحواس اور بزدل ہے، یہ پاکستان میں غیرضروری عنصر ہے، وہ قدم قدم پر ثابت کررہا ہے کہ اس نظام کا بندہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کون سی قوتیں عمران خان کی حمایت کررہی ہیں؟یہ کہاں سے آیا ہے، ان کی تربیت کس نے کی ہے یہ عام آدمی کی روش نہیں ہوسکتی جب تک وہاں کوئی تربیت یافتہ قوت موجود نہ ہو، ایسے لوگوں کو فوری گرفتارکرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
عمران خان نے جو سیاسی کلچر دیا اس پر خوش ہورہا ہے، آج آپ نے دیکھا کہ سی آئی اے کا نمائندہ زلمے خلیل زاد عمران خان کے حق میں ٹویٹ کررہا ہے، عمران خان انہی کا بندہ ہے ، غیرملکی ایجنٹ ہے، اور انہی کے ایجنڈے پر کام کررہا ہے، اور انہی کی شہ پر پاکستان میں سب کچھ ہورہا ہے۔ریاست اپنی رٹ کو برقرار رکھنے کیلئے وسائل بروئے کار لائے۔ ہم پاکستان کو کمزور نہیں ہونے دیں گے، پی ٹی آئی کو کوئی جماعت نہیں ہے، پی ٹی آئی کے ریاست کو کمزور کرنے والے ایجنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
Comments