
اسلام آباد (نیوزڈیسک) عمران خان کے ساتھ پی ٹی آئی کے کون کون سے رہنما عدالت جا سکیں گے؟ فہرست میں پھر تبدیلی کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان کی اسلام آباد کی عدالت میں پیشی کے موقع پر ان کے ساتھ جانے والے پارٹی رہنماؤں کی تعداد بڑھا دی گئی ہے،چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ عدالت جانے والوں رہنماؤں کی تعداد 6 سے بڑھا کر 14 کر دی گئی ہے۔
اسد عمر،فواد چوہدری،شبلی فراز اور عمر ایوب کے نام فہرست میں شامل ہیں۔مراد سعید،پرویز خٹک،عامر کیانی اور اسد قیصر بھی عمران خان کے ساتھ عدالت جائیں گے۔ اسی طرح عدالتی عملے کو بھی انٹری گیٹ سے کارڈ دکھائے بغیر جوڈیشل کمپلیکس میں داخلے کی اجازت نہیں ملے گی،دیگر افراد کا داخلہ ایڈمنسٹریٹو جج کی اجازت سے مشروط ہو گا۔
یاد رہے کہ توشہ خانہ کیس میں پیشی کیلئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان لاہور سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہو گئے،عمران خان قافلے کی شکل میں اسلام آباد پہنچیں گے۔
ایڈیشنل سیشن جج نے عمران خان کو فرد جرم عائد کرنے کیلئے طلب کر رکھا ہے۔ جبکہ اسلام آباد پولیس کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی پیشی سے متعلق قوائد و ضوابط کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی پیشی کے موقع پر کوئی سڑک بند نہیں کی جائے گی،ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کو راستہ دیا جائے گا،کسی قسم کی خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا ہو گا۔ ریاست مخالف پلے کارڈ یا بینر آویزاں کرنے یا لانے کی اجازت نہیں ہو گی،جبکہ کسی بھی سیاسی پارٹی کا جھنڈ ا نہیں جلایا جائے گا۔ پولیس کو گاڑیوں اور شخصیات کی تلاشی سے نہیں روکا جائے گا،سرکاری اور پرائیویٹ پراپرٹی کو نقصان پہنچا تو ذ مہ دار پی ٹی آئی ہو گی۔
Comments