
لاہور (نیوزڈیسک) چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 2 مقدمات میں حفاظتی ضمانت کیلئے لاہورہائیکورٹ آمد ہوئی،عمران خان قافلے کی صورت میں عدالت پیش ہوئے تاہم اس بار کارکنان کی تعداد کم تھی۔ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری بھی عمران خان کے ہمراہ تھے۔عمران خان کو بلٹ پروف شیلڈ کے سائے میں گاڑی سے اتار کر کمرہ عدالت میں لایا گیا۔
۔عمران خان دہشت گردی کے 2 مقدمات میں حفاظتی ضمانت کے لیے پیش ہوئے۔سابق وزیراعظم جسٹس طارق سلیم شیخ کے روبرو پیش ہوئے۔دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا عمران خان کے ساتھ یہ گارڈ کس کے ہیں۔ اگر پولیس کے ہیں تو ٹھیک اگر پرائیویٹ گارڈز ہیں تو باہر جائیں ۔جس پر فواد چوہدری نے بتایا کہ یہ عمران خان کی ذاتی سیکیورٹی ہے۔
عدالت نے ریمارکس دئیے کہ سیکیورٹی کے لیے پولیس موجود ہے۔
عمران خان روسٹرم پر آگئے۔انہوں نے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود میرے گھر پر آپریشن کیا گیا۔گھر کی فوٹیج ریکارڈ پر ہے۔عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنا دیا گیا۔عمران خان نے مزید کہا کہ میری بیوی پردہ کرتی ہے، شیشے کے پیچھے تھی، پولیس نے شیشے توڑ دئیے۔ میری بیوی نے شیشے ٹوٹنے پر چیخیں ماریں،ویڈیوز بھی موجود ہیں۔چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال ہوا ہے۔
میرے 5 گارڈز کو پکڑ کر لے گئے، تشدد کیا گیا۔ قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کیخلاف پنجاب میں درج مقدمات کی تفصیلات پیش کر دی گئیں۔ پولیس کے مطابق پنجاب میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف مجموعی طور پر 6 مقدمات درج ہیں،عمران خان کو 2 مقدمات میں ڈسچارج کیا جا چکا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف 4 مقدمات میں تفتیش زیر التوا ہے،سابق وزیراعظم کیخلاف تھانہ سرور روڈ اور ریس کورس میں تفتیش جاری ہے،جبکہ ان کیخلاف مدینہ ٹاون اور نیوائیر پورٹ راولپنڈی میں مقدمات خارج کیے جا چکے ہیں۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں و کارکنوں پر عمران خان کی ممکنہ گرفتاری پر احتجاج اور پولیس اہلکاروں پر حملے کے خلاف مقدمہ تھانہ کھنہ اسلام آباد میں درج کیا گیا تھا۔مقدمہ ایس ایچ او کھنہ اور سب انسپکٹر کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مقدمہ میں انسداد دہشتگردی ، کار سرکار میں مداخلت، راستہ روکنے، پولیس اہلکاروں پر حملہ آور ہونے سمیت دیگر دفعات بھی شامل کی گئیں۔
مقدمہ میں عمران خان، شاہ محمود قریشی سمیت مقامی قیادت اور نامعلوم ملزم شامل کیے گئے۔عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف کراچی میں احتجاج کے معاملے پر بھی پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔کراچی تھانہ پیر آباد میں ایم پی اے سعید آفریدی و کارکنوں کے خلاف درج کیا گیا۔مقدمے میں ہنگامہ آرائی اور جلاو گھیراؤ کی دفعات شامل ہیں ۔
عمران خان کی اسلام آباد میں درج مزید 2 مقدمات میں حفاظتی ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی۔عمران خان کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر نے درخواستیں ضمانت دائر کی تھیں۔عمران خان نے عدالت سے 15 روز کی حفاظتی ضمانت دینے کی استدعا کی۔درخواست کے متن میں کہا گیا کہ متعلقہ عدالت میں پیشی کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔
Comments