
لاہور (نیوزڈیسک) سوئی ناردرن نے رمضان المبارک میں گیس کی بلا تعطل فراہمی کی ہدایت کر دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان سوئی ناردرن نے کہا ہے کہ رمضان میں گھریلو صارفین کیلئے بلا تعطل گیس فراہمی یقینی بنائی جائے گی،سحر و افطار میں گیس کی مکمل سپلائی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق گھریلو صارفین کیلئے رات 2 بجکر 30 منٹ سے صبح 6 بجے تک گیس کی فراہمی یقینی بنائے جائے گی،جبکہ شام 4 سے رات 9 بجے تک بلا تعطل اور پریشر کے ساتھ گیس فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان المبارک میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کی ہدایت کر دی ہے،وزارت توانائی نے سحر، افطار و تراویح کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
وزارت توانائی نے ملک کی تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ سحر،افطار اور تراویح کے اوقات میں بجلی کی فراہمی یقینی ہو گی۔ سحر کے اوقات سے ایک گھنٹہ قبل اور ایک گھنٹہ بعد میں زیرو لوڈ مینجمنٹ ہو گی۔
وزارت توانائی کے مطابق افطار کے اوقات میں ایک گھنٹہ قبل اور 3 گھنٹے بعد زیر لوڈ مینجمنٹ ہو گی۔ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے آپریشن سرکل کی سطح پر کنٹرول روم قائم ہوں گے۔ ڈویژن،سب ڈویژن کی سطح پر شکایات کے ازالے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ٹرانسفامر خرابی کی صورت میں اضافی ٹرانسفارمر اور ٹرالیاں دستیاب ہوں گی۔جبکہ حکومت اور وفاقی وزیر برائے توانائی پاور ڈویژن انجینئر خرم دستگیر خان کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے آئیسکو انتظامیہ نے بتایا کہ ماہ رمضان میں بجلی کی بلا تعطل ترسیل خصوصی طور پر سحر سے1 گھنٹہ پہلے اور 1 گھنٹہ بعد جب کہ افطار سے1 گھنٹہ پہلے اور3 گھنٹے بعد تک بجلی کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔
Comments