
پشاور (نیوزڈیسک) پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا۔ تفصیلات کے مطابق چئیرمین رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں پہلا روزہ کل 23 مارچ بروز جمعرات کو ہو گا۔ پشاور میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا عبد الخبیر آزاد نے بتایا کہ ملک کے زیادہ تر علاقوں سے چاند کی کوئی شہادت موصول نہ ہوئی، تاہم بہاولپور، صوابی، رحیم یار خان اور دیگر کچھ اضلاع سے چاند کی شہادتیں موصول ہوئیں، جن کا جائزہ لینے کے بعد ملک میں رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کی تصدیق ہو گئی، یوں پاکستان میں کل 23 مارچ بروز جمعرات کو پہلا روزہ ہو گا۔
اس سے قبل رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اعلامیہ معمول سے زیادہ تاخیر کا شکار ہو گیا تھا۔
اس حوالے سے جیو نیوز کے مطابق پشاور اور مردان سے چاند دیکھنے کی 5 شہادتیں ہونے کی اطلاعات آئیں، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو شہادتیں باقاعدہ موصول ہونے کا انتظار تھا، اسی لیے چاند کی رویت کا اعلان تاخیر کا شکار ہوا۔
جبکہ اسلام آباد، پنجاب، بلوچستان، سندھ میں چاند نظر نہیں آیا، 4 زونل رویت ہلال کمیٹیوں نے رمضان المبارک کا چاند نظر نہ آنے کا باقاعدہ اعلان کیا۔ محکمہ موسمیات کلائمٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر کی رپورٹ کے مطابق رمضان المبارک کے چاند کی پیدائش 21 مارچ کی شب 10 بج کر 23 منٹ پر ہوئی۔ بتایا گیا کہ 22 مارچ کو مغرب کے وقت چاند کی عمر 20 گھنٹے سے زائد تھی۔
بدھ کے روز غروب آفتاب 6 بج کر 41 منٹ پر ہوا، جبکہ غروب قمر 7 بج کر 32 منٹ پر ہوا۔ یوں غروب آفتاب کے بعد 51 منٹ تک چاند نظر آنے کا امکان موجود تھا۔ بدھ کے روز سب سے پہلے لاہور کی زونل رویت ہلال کمیٹی نے چاند کی رویت سے متعلق باقاعدہ اعلان کیا۔
Comments