
پشاور(نیوزڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ عوام کو امریکی غلامی سے نجات کا چورن بیچنے والا خود امریکا سے وزارت عظمیٰ کی بھیک مانگ رہا ہے۔ جن امریکیوں کو گالیاں دی جارہی تھیں، رجیم چینج کا الزام لگایا جاتا رہا آج انہی سے وزیراعظم بنانے کی اپیلیں ہورہی ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی امریکی کانگریس کے سینئر رکن سے گفتگو پر ردعمل دیتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ امریکی کانگریس کے رکن کو منتیں ہورہی ہیں کہ خدارا مجھے وزیراعظم بنادے۔ اس رکن کانگریس نے بھی کہہ دیا کہ وہ بیان جاری کریں گے، عوام فیصلہ کریں کہ امریکہ سے بھیک کون مانگ رہا ہے۔عوام میں امریکی غلامی نامنظور، امریکہ کے سامنے ہر قسم کی غلامی منظور کی ورد ہورہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لاشوں پر سیاست کرنیوالوں کو ہر صورت صرف کرسی چاہئیے۔ چاہے ملک کا بیڑا غرق ہو،عوام کا جینا محال ہو اور ملک ہر قسم کے بحران کا شکار ہو۔ پہلے امریکا پر حکومت گرانے کے الزام کا جواب دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سائفر کے ساتھ کھیلنے والوں کا احتساب کرنا ہوگا اور پاکستان کی تباہی کے ذمہ داروں کو سزا دینی ہوگی۔
Comments