
لاہور (نیوزڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ پورے ملک میں کینٹنرز لگا کر مقبوضہ کشمیر بنایا ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان عبوری ضمانت کیلئے انسداد دہشت گردی عدالت پہنچ گئے ہیں،عدالت پہنچنے پر عمران خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پورے ملک میں کینٹنرز لگا کر مقبوضہ کشمیر بنایا ہوا ہے،عوام رکاوٹیں توڑ کر آج جلسہ گاہ پہنچے گا،میں آج جلسے میں آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کروں گا،آج لوگ آٹے کیلئے قطاروں میں لگے ہوئے ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ہمارے جلسے کو ناکام بنانے کیلئے 1600 کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔انکا کہنا تھا کہ یہ لوگ ہر حربہ استعمال کر کے ظلم کر رہے ہیں،آج لاہور کے عوام نکلیں گے اور تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہو گا،اس ملک کی آزادی کو انہوں نے بالکل ختم کر دیا ہے،ظلم اور تشدد کیخلاف آج ردِعمل آئے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آج جلسے میں عوام کے سامنے ساری صورتحال رکھوں گا،لوگ آٹے کیلئے قطاروں میں جان کی بازی ہار رہے ہیں،جلسے میں بتاؤں گا کہ اس قوم کو کیسے دلدل سے نکالیں گے،حقیقی آزادی کی جنگ کیلئے قربانیاں دینا پڑیں گی۔
یاد رہے کہ عمران خان نے لاہور میں درج 3 مقدمات میں ضمانت کیلئے عدالت سے رجوع کر لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل نے انسداد دہشت گردی عدالت میں عبوری ضمانتوں کیلئے درخواستیں دائر کر دی ہیں۔ درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مقدمات میں شامل تفتیش ہونا چاہتا ہوں،گرفتاری کا خدشہ ہے لٰہذا عدالت ضمانت منظور کرے۔
سابق وزیراعظم کا آج انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہونے کا امکان ہے،عمران خان عبوری ضمانت کیلئے پیش ہوں گے،چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف تھانے ریس کورس میں 3 مقدمات درج ہیں۔ یاد رہے کہ تھانے ریس کورس میں درج مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری اور حماد اظہر کی آج ہی ضمانت خارج کی گئی ہے،انسداد دہشت گردی عدالت میں پولیس پر تشدد،جلاؤ گھیراؤ اور کار سرکار میں مداخلت کیس کی سماعت ہوئی،فواد چوہدری اور حماد اظہر عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے پیش نہ ہونے پر درخواست ضمانت خارج کر دی،فواد چوہدری اور حماد اظہر نے ضمانتی مچلکے بھی جمع نہیں کروائے۔
Comments