
لاہور (نیوزڈیسک) تنخواہ نہیں بڑھانی تو کرپشن کرنے کی اجازت دی جائے، مہنگائی کے باعث خرچے پورے نہیں ہورہے، ایف بی آر ان لینڈ ریونیو ملازمین نے وزیراعظم سے کرپشن کرنے کی اجازت مانگ لی۔ تفصیلات کے مطابق ایف بی آر ان لینڈ ریونیو ملازمین نے وزیراعظم کو خط لکھ کر کرپشن کی اجازت مانگ لی۔ دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایف بی آر ان لینڈ ریونیو ملازمین نے وزیراعظم کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ شدید مہنگائی کے باعث گھریلو اخراجات تنخواہ سے پورے نہیں ہو رہے، نیب، ایف آئی اے اور پی ایم آفس سمیت دیگر اداروں کے ملازمین کی تنخواہیں زیادہ ہیں، وزیراعظم ایف بی آر ان لینڈ ریونیو ملازمین کیلئے ایگزیکٹو الاؤنس فراہم کرنے کی منظوری دیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ مہنگائی اور اخراجات بڑھنے کے باعث مستقبل کیلئے جمع پونجی تو درکنار لاکھوں روپے کا قرض چڑھ رہا ہے، شدید مہنگائی اور حکومتی عدم داد رسی کے باعث غیر قانونی ذرائع سے پیسہ کمانے کےعلاوہ کوئی آپشن نہیں بچا۔
یہاں یہ واضح رہے کہ ملک میں مہنگائی میں اضافے کے تمام ریکارڈ ٹوٹ چکے۔ ادارہ شماریات کی جانب سے ہفتہ وار مہنگائی کے ہوشربا اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ماہ رمضان کے آتے ہی 26 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، آٹے کا تھیلا، ٹماٹر، آلو، دال، چینی اور گھی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، حالیہ ہفتے کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمت 58 روپے سے بڑھ کر 100 روپے ہو گئی، بیس کلو آٹے کا تھیلا 1817 روپے سے بڑھ کر 2587 روپے کا ہو گیا، آلو کی فی کلو قیمت میں 6 روپے، چینی کی قیمت میں 71 پیسے اضافہ ہوا، دال ماش کی فی کلو قیمت 415 روپے سے بڑھ کر 421 روپے سے زائد ہو گئی، اڑھائی کلو گھی کا ٹن، تازہ دودھ، دہی، مٹن، چاول کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں کیلے 21 روپے 57 پیسے فی درجن، چائے کا پیکٹ 34 روپے 37 پیسے، مٹن 13 روپے 78 پیسے فی کلومہنگا، بیف 6 روپے 31 پیسے، اڑھائی کلو گھی کا ٹن 8 روپے 84 پیسے مہنگا ہوا۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی، چکن 32 روپے 85 پیسے فی کلو، سرخ مرچ پیکٹ 5 روپے سستا ہوا، لہسن 4 روپے 59 پیسے ، دال چنا 2 روپے 70 پیسے فی کلو سستی ہوئی۔ اسکے علاوہ دال مونگ، دال مسور، انڈے اور پیاز بھی سستے ہوئے جبکہ ایک ہفتے میں 13 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا۔
Comments