
اسلام آباد (نیوزڈیسک) پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی قادر مندوخیل نے وزرات داخلہ اور خزانہ کسی دوسری اتحادی جماعت کو دینے اور اٹیمی اثاثوں کے بیان پر اسحاق ڈار کیخلاف تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق قادر مندوخیل نے اے آر وائے نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت داخلہ اور خزانہ ن لیگ سے نہیں چل رہی تو کسی اور اتحادی جماعت کو دے دیں،سب کچھ آئی ایم ایف کے سامنے رکھ دیا تو پھر اسحاق ڈار نے کیسے ایٹمی اثاثوں والی بات کر دی؟ اگر کسی نے اسحاق ڈار کو بولا ہے تو نام بتائیں،عمران خان کی طرح سائفر والا معاملہ نہ بنائیں،وزارت داخلہ ن لیگ کے پاس ہے اس میں مداخلت نہیں کر سکتے۔
رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ نے عمران خان کے معاملے کو مس ہینڈل کیا،پولیس والے کو وارنٹ پکڑا کر اتنی تاخیر کی گئی کہ پی ٹی آئی کارکن پورے ملک سے زمان پارک آ گئے تھے،اس معاملے پر رانا ثناء اللہ کی غفلت ہے اور آئی جی پنجاب کو بھی سزا ملنی چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ رانا ثناء اللہ کو ذاتی طور پر کہا تھوڑے تگڑے ہو جاؤ ایک شخص نہیں سنبھال جا رہا،مریم نواز ن لیگ کی چیف آرگنائزر اور چچا وزیراعظم،پارٹی صدر ہے،پھر بھی مریم نواز کہے یہ ان کی حکومت نہیں تو عوام بیوقوف نہیں بن سکتے۔
مریم نواز اس لیے یہ کہتی ہیں کہ حکومت کی کمزوریاں ان کے اور نواز شریف کے گلے نہ پڑ جائیں۔ قادر مندوخیل کا کہنا تھا کہ مریم نواز پارٹی عہدے سے استعفٰی دے کر کہیں کہ ان کی حکومت نہیں،اچھا ہے نواز شریف واپس نہ آئیں کیونکہ پیپلز پارٹی تو آگے بڑھ رہی ہے۔مفتاح اسماعیل اور اسحاق ڈار ایک دوسرے کیخلاف بیانات دے رہے تھے،مفتاح اسماعیل تو اسحاق ڈار کے معاملے پر نواز شریف کے گھر تک پہنچ گیا۔ رہنما پیپلز پارٹی نے مزید بتایا کہ ن لیگ والے سابق وزیر خزانہ کو نہیں پوچھیں گے کیونکہ وہ شہباز شریف کا فیکٹری پارٹنر ہے،تحریک انصاف پر پابندی کے حق میں نہیں بلکہ ان کا سیاسی مقابلہ کرنا چاہیے۔
Comments