
اسلام آباد (نیوزڈیسک) اسلام آباد کی سیشن عدالت نے عمران خان کیخلاف توشہ خانہ کیس جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی الیکشن کمیشن کی درخواست خارج کر دی۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس جلد سماعت کیلئے مقررکرنے کی الیکشن کمیشن کی درخواست پر سماعت ہوئی،الیکشن کمیشن کے وکیل امجدپرویز اور سعد حسن جبکہ عمران خان کے وکیل خواجہ حارث عدالت میں پیش ہوئے۔
خواجہ حارث نے دلائل دئیے کہ علی حیدر گیلانی پر بھی ابھی تک فرد جرم عائد نہیں ہو سکی،الیکشن کمیشن کی جلد سماعت کی درخواست میرٹ پر نہیں۔ علی حیدر گیلانی کیس میں جلد سماعت کی کتنی درخواستیں دی گئیں؟علی حیدر گیلانی کیس میں بھی ڈیڑھ ماہ کی تاریخ دی گئی۔
خواجہ حارث نے کہا کہ عمران خان کی سکیورٹی کی درخواست ابھی بھی عدالت میں زیر سماعت ہے،عمران خان کی درخواست ہے کہ خطرات کے باعث حاضری سے استثنیٰ دیا جائے یا ویڈیو لنک پر سماعت کر لی جائے۔
وکیل امجد پرویز نے کہا کہ تین چار ماہ سے الیکشن کمیشن کے کیس کو جھوٹا کہہ رہے،سچے ہیں تو عدالت آئیں،عمران خان کی بریت کی کوئی درخواست اب تک نہیں آئی۔ عمران خان اور علی حیدر گیلانی کے کیسز دونوں مختلف نوعیت کے کیسز ہیں،ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کے پاس پرائیویٹ کمپلینٹ دائر کرنے کا اختیار ہے۔ وکیل نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کہا ایک بار شکایت دائر ہو تو 3 ماہ کے اندر فیصلہ کیا جائے،الیکشن کمیشن کی درخواست میرٹ اور سپریم کورٹ کے فیصلوں پر دائر کی گئی۔ بعد ازاں عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا،عدالت نے کچھ دیر بعد فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کی توشہ خانہ کیس جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی درخواست خارج کر دی۔
Comments