
اسلا م آباد(نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے شاہ محمود قریشی ،فواد چوہدری اور حماد اظہر کو پنجاب میں ٹکٹ نہ دینے کی وجہ بتا دی۔ہم نیوز کے مطابق عمران خان نے نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ یہ تینوں وفاق میں میرے اہم وزراء تھے، تینوں نے پنجاب میں چلے جانا ہے تو ملک کون چلائے گا۔
انہوں نے فواد چوہدری کی ناراضگی سے متعلق کہا کہ خواہشات پر ملک نہیں چلتے، میں لیڈر ہوں، میرے لیے وفاقی حکومت اہم ہے۔اگر میرے اہم وزرا ہی پنجاب میں چلے گئے تو یہ ملک کیسے چلے گا۔پی ٹی آئی کی حکومت آنے کی صورت میں پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے سوال پر عمران خان نے کہا کہ اس پر میں نے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا۔پنجاب میں میرا گزشتہ تجربہ اچھا نہیں رہا،تین لوگوں نے خود کو پہلے سے ہی وزیراعلی سمجھنا شروع کر دیا ،ان تینوں نے آپس میں میچ ڈال لیا۔
دونوں نے بہت نقصان پہنچایا کیونکہ وہ پہلے سے ہی شروع ہو گئے کہ ہم نے وزیر اعلی بننا ہے اور وہ اپنے لوگوں کو نوازنا شروع ہوگئے اسی وجہ سے میں نے عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ بنایا جو کسی گروپ کا نہیں تھا۔عمران خان نے کہا شاہ محمود، فواد چوہدری اور حماد اظہر میں بہت صلاحیتیں ہیں وزیر اعلی بننے کی مگر مجھے ان کی وفاق میں ضرورت ہے۔قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے پنجاب اسمبلی کا ٹکٹ نہ ملنے کے حوالے سے کہا ہے کہ عمران خان نے کہا تھا تمہاری ضرورت مجھے وفاق میں ہے۔
اپنے بیان میں حماد اظہر نے کہا کہ چند روز پہلے مجھے عمران خان نے کہا کہ میں نے بہت سوچا ہے، عمران خان کا کہنا تھا اس وقت پاکستان کا سب سے بڑا چیلنج معاشی محاذ پر ہے۔حماد اظہر نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ تمہاری ضرورت مجھے وفاق میں ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اگلے دن میں نے صوبائی حلقوں سے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے تھے۔
Comments