
فیصل آباد (نیوزڈیسک) طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ ایک بار پھر عمران خان کومسلط کرنے کا ماحول بنایا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رہنما مسلم لیگ ن طلال چوہدری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک کو آئین پر چلانے کی ضرورت ہے،ایک اور آڈیو منظر عام پر آ چکی ہے،یہ آڈیو بھی گواہی دے رہی ہے کہ ن لیگ کے ساتھ نا انصافی ہوئی۔
2018 میں عمران خان کو ہم پر مسلط کیا گیا،ایک بار پھر عمران خان کو مسلط کرنے کا ماحول بنایا جا رہا ہے،اب عمران خان کو دوبارہ مسلط نہیں ہونے دیں گے۔ انکا کہنا تھا کہ غیر آئینی فیصلہ قابل قبول نہیں ہو گا،الیکشن وہی قابل قبول ہو گا جو صاف اور شفاف ہو۔ دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے دو خواتین کی مبینہ آڈیو لیک پر سپریم کورٹ سے سوموٹو نوٹس کا مطالبہ کردیااور کہا ہے کہ دو خواتین کے درمیان بات چیت کی مبینہ آڈیوانتہائی تشویشناک ہے،اعلیٰ عدلیہ کو فوری اس کا سوموٹو نوٹس لیناچاہیے تاکہ اس کے اصل حقائق اور اس کا پس منظر سامنے آسکے۔
انہوں نے کہا کہ اس آ ڈیو لیک میں اعلیٰ عدلیہ کی بعض شخصیات کا نام لے کر جو گفتگو کی گئی ہے اس پر ہر پاکستانی کو تشویش ہے کیوں کہ گھریلو خواتین کو اس قسم کی نامناسب گفتگو نہیں کرنی چاہیے، یہی نہیں بلکہ جس نے یہ ٹیپ ریکارڈ کی اس کا بھی احتساب اور جس کی یہ مبینہ ٹیپ ہے اس کے خلاف بھی سخت ترین کارروائی ہونی چاہیے۔ انکا کہنا تھا اگر گھریلو خواتین مبینہ طور پر کسی پارٹی کے لوگوں کو غداری پر اکسائیں گی اور اس قسم کی مبینہ متنازعہ بات چیت کریں گی تو اس کے اثرات بھی ہوں گے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی کی بھی ایک آڈیو لیک ہوئی تھی لہٰذا اگر ان آڈیوز میں کی جانے والی گفتگو درست ہے تو اس کی پوچھ گچھ ضرور ہونی چاہیے،عام طور پر ایسی گفتگو سے گھریلو خواتین کا تعلق نہیں ہوتا۔
Comments