
اسلام آباد (نیوزڈیسک) رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ 10 دن آرام کا مشورہ اصل میں مقدمات سے بچنے کا مشورہ ہے،عدالت نے پولیس کے سامنے پیش ہونے کا جیسے ہی حکم دیا شوکت خانم ہسپتال سے طبی بہانہ آ گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے عمران خان کی ٹانگ دوبارہ زخمی ہونے پر ردِعمل دیا ہے،انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ کوڑے والی بالٹی سے بھی کام نہیں چلا تو مکمل آرام کا بہانہ چلا لیا ہے تاکہ عدالت نہ جانا پڑے۔
10 دن آرام کا مشورہ اصل میں مقدمات سے بچنے کا مشورہ ہے،الیکشن کی رٹ بھی مقدمات سے بچنے کے لئے تھی،پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیاں بھی مقدمات سے بچنے کے لئے توڑی گئیں۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بالٹی،ڈبہ اور ڈسٹ بن کے بعد پیشِ خدمت ہے شوکت خانم کی جھوٹی رپورٹ،عدالت نے پولیس کے سامنے پیش ہونے کا جیسے ہی حکم دیا تو شوکت خانم ہسپتال سے طبی بہانہ آ گیا،شامل تفتیش ہونے کا حکم آتے ہی عمران خان کو بیماری کا دورہ پڑ گیا۔
عمران خان کو توشہ خانہ،مبینہ بیٹی کیس،فارن فنڈنگ اور فارن ایجنٹ سمیت دیگر چوریوں کے مقدمات میں جواب دینا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ پہلے پلستر باندھ لیا اور پھر بالٹی چڑھا لی لیکن ریلی نکالے تو بالکل ٹھیک ہے۔عدالت اور پولیس کے سامنے نہ پیش ہونے کے لئے معائنہ سرکاری ہسپتال سے ہوتا ہے،عدالتوں میں ٹرائل شروع ہیں فارن فنڈڈ ایجنٹ اور گھڑی چور نے شوکت خانم سے عدالت نہ پیش ہونے کیلئے جھوٹی رپورٹ بنوائی۔
خیال رہے کہ شوکت خانم اسپتال کے میڈیکل بورڈ نے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کو آرام کا مشورہ دیا ہے،ڈاکٹرز کی جانب سے عمران خان کو غیر معمولی نقل و حرکت کے لیے وہیل چئیر کے استعمال کی ہدایت کی گئی ہے۔
Comments