
اسلام آباد (نیوزڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری پر ردِعمل دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقتدار میں عمران خان نے نیب نیب بہت کھیلا۔فرمائشی گرفتاریاں ہوتی تھیں اور لاڈلا ضد کرتا تھا اور ضد پوری ہوتی تھی۔خواجہ آصف نے کہا قید میں لاڈلے کی انا کی تسکین کے لیے اذیتیں دی جاتی تھیں۔عمران خان کے دور میں بہنوں اور بیٹوں کو بھی نیب نے گرفتار کیا۔
اب صرف قانون حرکت کرے گا، قانون کسی کے تابع نہیں۔جبکہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو گرفتار کیا ہے،سابق وزیراعظم کے دور میں قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا،القادر ٹرسٹ کیس کے مطابق 50 ارب روپے لوٹے گئے۔ عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں نوٹسز دئیے گئے لیکن انہوں نے شامل تفتیش ہونے سے انکار کر دیا تھا۔
یہ باقاعدہ ڈاکیومنٹڈ کیس ہے،اگر عمران خان شامل تفتیش ہو جاتے تو ریفرنس بغیر گرفتاری کے چلایا جا سکتا تھا۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کیا گیا مگر کوئی مزاحمت نہیں ہوئی،ایک آدمی دوسروں پر کرپشن کے الزامات لگا رہا تھا اور وہ خود اربوں کی کرپشن کر رہا تھا،القادر ٹرسٹ اور توشہ خانہ کیس تو ڈاکیو منٹڈ ہیں،اس کے علاوہ مزید بھی انکوائریاں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے کرپشن اس طرح کی ہے کہ حساب نہیں،ہمارے خلاف کس بات پر کارروائی ہو گی؟ یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ رینجرز نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے سابق وزیراعظم عمران خان کو حراست میں لیا،نیب نے القادر ٹرسٹ کیس میں سابق وزیراعظم کو گرفتار کیا،القادر ٹرسٹ کیس میں یکم مئی کو عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔
Comments