
اسلام آباد (نیوزڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری اور ملک بھر میں ہونے والے ہنگاموں پر اہم بیان دیا ہے۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری اور ان سے کی گئی بدتمیزی کے بعد پیدا ہونے والی ملک کی موجودہ صورتحال پر حیران اور شدید پریشان ہوں۔
اس کے نتیجے میں انسانی جانوں کا ضیاع دل دہلا دینے والا، افسوسناک اور انتہائی قابل مذمت ہے۔صدر عارف علوی نے مزید کہا کہ احتجاج کرنا ہر پاکستانی شہری کا آئینی حق ہے تاہم احتجاج ہمیشہ قانون کے دائر میں رہ کر کرنا چاہئیے۔صدر عارف علوی نے فوجی تنصیبات حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کچھ شرپسندوں نے جس طرح سے سرکاری املاک بالخصوص سرکاری اور فوجی عمارتوں کو نقصان پہنچایا ہے وہ قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں دوبارہ جبر اور گرفتاریوں کے بجائے سوچنا چاہیے اور سیاسی حل تلاش کرنا چاہیے۔صدر عارف علوی نے کہا کہ میں نے سیاسی و عسکری قیادت کو تحفظات سے آگاہ کیا ہے امید کرتا ہوں حالات بہتر ہوں گے۔ میں ملک کے تمام شہریوں سے پرامن رہنے کی پرزور اپیل کرتا ہوں۔
۔دوسری جانب ہنگامہ آرائی میں ملوث تحریک انصاف کے رہنماؤں کی لسٹ جاری کر دی گئی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہنگامہ آرائی میں ملوث پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کی لسٹ جاری کر دی ہے۔
ہنگامہ آرائی میں ملوث افراد کی لسٹ میں تحریک انصاف پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد،پی ٹی آئی لاہور کے صدر امتیاز شیخ،اعجاز چوہدری،زبیر خان نیازی اور علی امتیاز وڑائچ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ حسان نیازی،عالیہ حمزہ،عالیہ شہزاد،محمد مدنی،رائے اسلم کھرل،عثمان اکرم،ملک وقار،ناصر سلمان اور غلام محی الدین دیوان سمیت دیگر رہنما شامل ہیں۔
Comments