
اسلام آباد (نیوزڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے فواد چوہدری کو رہنما کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس گل حسن اورنگزیب نے فواد چوہدری کی گرفتاری سے متعلق کیس کا فیصلہ سنا دیا ہے،عدالت نے فواد چوہدری کی گرفتاری کیخلاف درخواست منظور کر لی۔ عدالت نے فواد چوہدری کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کالعدم قرار دے دی،عدالت نے رہنما تحریک انصاف کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ فواد چوہدری کی گرفتاری غیر قانونی تھی ،دفعہ 144 کی خلاف ورزی نہیں کریں گے۔ فواد چوہدری نے عدالت میں کسی پر تشدد مظاہرے میں شرکت نہ کرنے کا بیان حلفی بھی دے دیا۔ قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کو رہا کرنے کا حکم دیا،اسلام آباد ہائیکورٹ نے تھری ایم پی او کے تحت شریں مزاری کی گرفتاری کا حکم کالعدم قرار دیا تھا،عدالت نے ڈسڑکٹ مجسٹریٹ کا حکم کا کالعدم قرار دیا۔
جسٹس گل حسن اورنگزیب نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا،عدالت نے قرار دیا کہ جو ریکارڈ پیش کیا گیا،اس میں تو کچھ بھی نہیں،اسلام آباد ہائیکورٹ نے سینیٹر فلک ناز کو بھی فوری رہا کرنے کا حکم دیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کی مرکزی سینئر نائب صدر ڈاکٹر شیریں مزاری کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا،پولیس نے شیریں مزاری کو رات گئے ان کے گھر سے گرفتار کیا تھا۔
شیریں مزاری کو گرفتار کرکے متعلقہ تھانے منتقل کیا گیا تھا۔ شیریں مزاری کی بیٹی ایمان مزاری نے کہا کہ شیریں مزاری گھر میں موجود تھیں،پولیس نے گھر کا محاصرہ کیا،50 پولیس افسران اور اہلکاروں نے گھر کا دروازہ توڑا۔ جبکہ تحریک انصاف کی سینیئر بزرگ خاتون رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کو بھی حراست میں لیا گیا تھا،پی ٹی آئی رہنما افتخار درانی نے بتایا کہ تحریک انصاف کی سینیئر بزرگ خاتون رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کو گرفتار کر لیا گیا۔
Comments