
اسلام آباد (نیوزڈیسک) اداروں کے افسروں کیخلاف بیان بازی اور محسن شاہنواز رانجھا کی مدعیت میں درج اقدام قتل کے مقدمے کا معاملہ،اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی دو مقدمات میں عبوری ضمانت میں 8 جون تک توسیع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں دو مقدمات میں سابق وزیراعظم عمران خان کی عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواستوں پر سماعت ہوئی،عدالت نے عمران خان کی آج حاضری سے استثنٰی کی درخواست منظور کر لی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے استفسار کیا بتا دیں عمران خان نے مزید کیسز میں کس دن آنا ہے،اسی دن کی تاریخ رکھ دیتے ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف کے وکیل نے کہا کہ ہمارے خلاف درج تین مقدمات کا ہمیں علم ہے،اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی حکم دیا کہ نامعلوم مقدمات میں بھی گرفتار نہ کیا جائے۔
عمران خان نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کی جو عدالت کے ریکارڈ میں ہے،ہم یہ چاہتے ہیں کہ جب تک سارے مقدمات کا علم نہ ہو گرفتار نہ کیا جائے۔
عدالت نے عمران خان کی دو مقدمات میں عبوری ضمانت میں 8 جون تک توسیع کر دی،اداروں کے افسران کے خلاف بیان بازی اور محسن شاہنواز رانجھا کی مدعیت میں درج اقدام قتل کے مقدمہ میں عمران خان کی عبوری ضمانت میں توسیع کی گئی۔ دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف نے میڈیا پر بیانات نشر نہ کرنے پر ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔ درخواست میں عمران خان نے پیمرا سمیت 18 ٹی وی چینلز کو فریق بنایا اور مؤقف اختیار کیا گیا کہ تقاریر اور لائیو گفتگو میڈیا چینلز پر نہیں دکھائی جا رہیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ بیانات اور تقاریر پر نشر نہ کرنا پابندی بنیادی آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے،عدالت پیمرا کو لائیو تقاریر نشر کرنے کا پابند کرے۔ لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی چیئرمین کی درخواست کو سماعت کیلئے مقرر کر دیا،جسٹس شمس محمد مرزا آج سماعت کریں گے۔
Comments