
لاہور (نیوزڈیسک) گذشتہ روز زمان پارک سے گرفتار کیے گئے 8 مبینہ شرپسندوں نے دورانِ تفتیش اہم انکشافات کیے ہیں۔جیو نیوز کے مطابق گرفتار شرپسندوں کی جانب سے پی ٹی آئی کی اہم لیڈر شپ سے رابطوں کا اعتراف کیا گیا۔تمام شرپسند لیڈر شپ سے ہدایات لے رہے تھے۔تمام ملزمان کے پارٹی رہنماؤں سے فون نمبرز اٹیچ ہو گئے ہیں۔
ملزم بخت عالم شانگلہ اور ممتاز مردان کا رہنے والا ہے۔یہ دونوں کے پی میں پارٹی رہنماؤں سے رابطے میں تھے۔سوات کا عبدالغنی بھی کے پی سے ہدایات لیتا رہا۔علاوہ ازیں مصری شاہ کا اعجاز، اچھرہ کا عبدالغفور اور شاہدرہ کا زوہیب اعجاز چوہدری سے ہدایات لیتا رہا۔رپورٹ کے مطابق شالیمار کا نبیل اور سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والا حنزلہ بھی مسلسل ہدایات لیتا رہا جب کہ ملزمان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے ڈنڈے ٹمبر مارکیٹ سے بنوا کر رکھے ہوئے تھے۔
دوسری جانب لاہور پولیس نے گزشتہ رات زمان پارک سے فرار کی کوشش کرنے والےمزید 6 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ گرفتار دہشتگردوں میں سے 4 عسکری ٹاور اور 2 کور کمانڈر ہاؤس حملے میں ملوث تھے۔ گرفتار ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد اب 14 ہو گئی ہے،دہشت گردوں کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہیں۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے 9 مئی کے ملزمان کو سہولت دینے پر ایک جج کے خلاف ریفرنس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نگران حکومت نے تحریک انصاف کے رہنماؤں، کارکنان اور سپورٹرز کی ضمانتیں منظور اور ریلیف دینے والے جج کیخلاف ریفرنس فائل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اکلاس منعقد ہوا جس میں 9 مئی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں 9 مئی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں اور دہشتگردی کے واقعات میں ملوث ملزمان کی نشاندہی کرنے والے افراد کے لیے نقد انعامات کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں آئی ایس آئی کے دفتر پر حملے کے نامزد ملزمان کی غیر قانونی سہولت کاری پر اظہارِ تشویش کیا گیا۔
Comments