
لاہور (نیوزڈیسک) ظل شاہ قتل کیس،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی ضیا باجوہ نے عمران خان کی درخواست پر سماعت سے معذرت کر لی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں ظل شاہ قتل کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے عبوری ضمانت کی درخواست کی گئی،جسٹس علی ضیا باجوہ نے درخواست پر ذاتی وجوہات کی بنا پر درخواست پر سماعت سے معذرت کر لی۔
عدالت نے عمران خان کی درخواست کسی اور عدالت کے روبرو لگانے کی سفارش کر دی،جبکہ کیس کی فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دی گئی۔ قبل ازیں رجسٹرار آفس نے عمران خان کی عبوری ضمانت کی درخواست پر اعتراض عائد کیا تھا،رجسٹرار آفس نے سیشن کورٹ کے بجائے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے پر اعتراض عائد کیا،پیٹشن کے ہمراہ مصدقہ نقول لف نہ ہونے کا بھی اعتراض عائد کیا گیا تھا۔
دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ سمیت عمران خان کی تین مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کر لی ہے۔ انسداد دہشت گردی عدالت میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی تین مقدمات میں عبوری ضمانت پر سماعت ہوئی،عدالت نے سابق وزیراعظم کی 2 جون تک عبوری ضمانت مںظور کر لی،عمران خان کو شامل تفتیش ہونے کا بھی حکم دیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے قرار دیا کہ آپ تفتیش میں رکاوٹ نہیں ڈالیں گے،جے آئی ٹی سے تعاون نہیں کریں گے تو ضمانتیں خارج ہو جائیں گی۔
عدالت نے پولیس کو تینوں مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری سے روک دیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے ایک،ایک لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا بھی حکم دیا،عمران خان کیخلاف تھانہ سرور روڈ،گلبرگ اور شادمان میں مقدمات درج ہیں۔ جبکہ گزشتہ روز عمران خان نے بالآخر 9 مئی کو فوجی وسرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کون وہ انسان ہو گا جو کورکمانڈر ہاؤس جلانے کی مذمت نہیں کرے گا۔
Comments