
لاہور (نیوزڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ فردوس شمیم کو جیل بھیج کر اہلِ اقتدار نے ذہنی پستی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ فردوس شمیم نقوی 27 سال قبل پاکستان کو ایک منصفانہ اور انسانی اقدار پر مبنی سماج کی صورت میں ڈھالنے کے خواب میں میرے شراکت دار بنے۔ فردوس شمیم نقوی 27 سال قبل میرے ہمسفر اور پاکستان کو ایک منصفانہ اور انسانی اقدار پر مبنی سماج کی صورت میں ڈھالنے کے خواب میں میرے شراکت دار بنے۔
انہوں نے جدوجہد کے تمام نشیب و فراز (جن میں سے ابتدائی 14 برس کا بیشتر حصہ تو بہرحال نشیب ہی پر مشتمل تھا) کا پوری ثابت قدمی سے سامنا کیا۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ فردوس شمیم نقوی نے جدوجہد کے تمام نشیب و فراز کا پوری ثابت قدمی سے سامنا کیا اور ایمان کی پختہ بنیادوں پر استوار مضبوط کردار ہی تھا جو بہت سی مایوسیوں کے باوجود ثابت قدمی کا وسیلہ بنا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ فردوس شمیم کینسر کے مرض سے شفایابی کے مراحل میں ہیں، انہوں نے اپنے مرض کا بھی پورے وقار اور ہمت سے مقابلہ کیا، ایسے شخص کو دہشتگردی کے الزام میں زندان میں ڈال کر اہلِ اقتدار نے ظاہر کیا ہے کہ کس قدر پستی کے شکار ہیں۔ ادھر مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور سابق گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ جنہوں نے فوجی تنصیبات پر حملے کا جرم کیا ہے ان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
مسلم لیگ (ق) کی جانب سے افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد کیا گیا، شرکاء نے ہاتھوں میں پاک آرمی کے حق میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر سابق گورنر پنجاب چودھری سرور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ نے پاکستان بنایا تھا، آج ہمارا ملک مشکلات سے گزر رہا ہے، ہماری جماعت ملک کو مشکلات سے نکالے گی۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے شہیدوں نے اپنی جانیں پیش کرکے ملک کو بچایا، آج ان کے گھروں پر حملہ کیا گیا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
Comments