
اسلام آباد (نیوزڈیسک) مرتضیٰ وہاب کے میئر کراچی منتخب ہونے پر تحریک انصاف کا ردِعمل آ گیا۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب میئر کراچی منتخب ہو گئے ہیں،اس حوالے سے سابق وزیر خارجہ وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے ٹویٹر پر مختصر ٹویٹ کیا۔ انہوں نے طنزیہ وار کرتے کہا کہ پیپلز پارٹی جیت گئی لیکن جمہوریت ہار گئی ہے۔
دوسری جانب امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے میئر کراچی کے انتخاب کے حوالے سے کہا کہ الیکشن کمیشن اور سندھ حکومت کی ملی بھگت بھی واضح ہے۔انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندوں کے اغوا، ووٹوں کی خریداری، دھونس دھاندلی سے میئر کراچی کا الیکشن آئین و جمہوریت پر سوالیہ نشان ہے۔
اگر جمہوریت کو اس طرح مسلسل مذاق بنایا جائے گا تو اس پر لوگوں کا رہا سہا اعتماد بھی ختم ہو جائے گا۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن اور سندھ حکومت کی ملی بھگت بھی واضح ہے، بلدیاتی اور میئر الیکشن میں اس نے سندھ حکومت کے طفیلی ادارے کا کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ شرمناک اور قابل مذمت ہے،شفاف قومی انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے اپنی وقعت کھو دی ہے۔ جبکہ میئر کراچی کے انتخاب سے متعلق جماعت اسلامی نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا۔
خط میں کہا گیا کہ اتحادی جماعت پی ٹی آئی کے 29 ارکان کو اغوا کر کے ووٹ ڈالنے سے روکا گیا،اس فراڈ عمل کو الیکشن کمیشن کالعدم قرار دے۔الیکشن کمیشن صاف شفاف انتخابات کرانے میں ناکام رہا۔ جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کا نیا شیڈول جاری کیا جائے اور میئر کے الیکشن میں تمام منتخب نمائندوں کی حاضری یقینی بنائی جائے۔ خط میں مزید کہا گیا کہ بے رحمی سے حقیقی مینڈیٹ کا قتل کیا گیا،یہ عوامی مینڈیٹ کے ساتھ دھوکہ اور قبضہ ہے۔
Comments