
اسلام آباد (نیوزڈیسک) توہین الیکشن کمیشن کیس،الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے عمران خان،فواد چوہدری اور اسد عمر پر چارج فریم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان،فواد چوہدری اور اسد عمر کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی،ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے سماعت کی۔
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے اعتراضات پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کے پاس توہین عدالت کی کارروائی استعمال کرنے کا اختیار ہے۔ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے اعتراضات مسترد کر دئیے اور آئندہ سماعت پر عمران خان،فواد چوہدری اور اسد عمر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔
الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان،فواد چوہدری اور اسد عمر پر چارج فریم کرنے کا فیصلہ کیا۔
وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا گزشتہ سماعت کا کوئی آرڈر موصول نہیں ہوا،ممبر نثار درانی نے کہا کہ فریقین آج بھی پیش نہیں ہوئے۔ الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 11 جولائی تک ملتوی کر دی۔ قبل ازیں بھی توہین الیکشن کمیشن کیس میں الیکشن کمیشن نے عمران خان،اسد عمر اور فواد چوہدری کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔ الیکشن کمیشن میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان،اسد عمر اور فواد چوہدری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے فیصل چوہدری ایڈووکیٹ الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور کہا کہ یہ کیس تو چھ ماہ سے الیکشن کمیشن میں زیر التوا ہے۔ عمران خان کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی تھی۔ وکیل نے بتایا کہ عمران خان نیب اور احتساب عدالتوں میں ضمانتوں کیلئے پیش ہو رہے ہیں،ممبر خیبر پختو نخوا نے کہا کہ عمران خان اپنی مرضی سے پیش ہو رہے ہیں۔
Comments