
لاہور (نیوزڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ق) پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری شافع حسین کا کہنا ہے کہ پرویز الہیٰ ہمارے پاس واپس آنا چاہتے ہیں لیکن اسپین میں بیٹھا شخص نہیں مان رہا۔جیو نیوز کے مطابق انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الہیٰ کی ملاقات مثبت رہی۔مونس الہیٰ ایک سال پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ سیاست اپنی اپنی، خاندان تو ہمارا ایک ہے لیکن سیاسی طور پر فیصلہ انہوں نے خود کرنا ہے۔
پرویز الہیٰ کو ق لیگ میں واپس آنے کی باقاعدہ دعوت دے دی ہے وہ ہمارے پاس واپس آنا چاہتے ہیں لیکن اسپین میں بیٹھا شخص نہیں مان رہا۔ایک سوال کے جواب میں شافع حسین نے کہا کہ مستقبل میں ن لیگ کے ساتھ سیٹ ایڈجسمنٹ ہو سکتی ہے۔
قبل ازیں چوہدری شافع حسین نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر پرویز الٰہی ، شجاعت حسین کی بات مان لیتے تو آج بھی وزیر اعلیٰ پنجاب ہوتے ، مونس الٰہی نے ہمیشہ پرویز الٰہی کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے ، جیل میں ملاقات سیاسی ایجنڈے کے تحت نہیں تھی۔
گفتگو کرتے ہوئے شافع حسین نے کہا کہ ہمیں پرویز الٰہی سے ہمدردی ہے لیکن سیاست اپنے اپنے پلیٹ فارم سے ہے ، اب دونوں خاندانوں کا ایک پلیٹ فارم پر چلنا مشکل ہے ۔ انہوںنے کہا کہ شجاعت حسین اور سالک حسین کی پرویز الٰہی سے ملاقات جیل میں ملاقات کسی سیاسی ایجنڈے کے تحت نہیں ہوئی ، ہماری خاندانی روایات ہیں اور اس کے تحت ملاقات ہوئی ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ سال جب چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کو اقتدار سے ہٹایا گیا تھا تو چوہدری برادران میں اختلافات پیدا ہو گئے تھے جس کے بعد پرویز الہیٰ نے چوہدری شجاعت حسین سے سیاسی راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کر لیا اور عمران خان کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا جب کہ چوہدری شجاعت حسین نے پی ڈی ایم کا ساتھ دیا۔
Comments